Common frontend top

منی لانڈرنگ ، سمگلنگ کیخلاف پوری قوت سے کارروائی کرینگے : وزیر اعظم

جمعه 14 دسمبر 2018ء





اسلام آباد، ہارون آباد ( سپیشل رپورٹر، اے پی پی ، این این آئی،نمائندہ92 نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے منی لانڈرنگ اور سمگلنگ روکنے کے لیے پوری قوت سے کارروائی کرنے جارہے ہیں اور اس کے لیے تمام ایجنسیوں کواکٹھا کرکے جامع پالیسی لارہے ہیں۔ پاکستان اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا 60کی دہائی میں پاکستان تیزی سے آگے بڑھ رہا تھا لیکن پھر ہماری ترقی رک گئی کیونکہ پاکستان نے دوسروں پر انحصار شروع کر دیا۔ ہاتھ پھیلانے والا ملک کبھی بھی آگے نہیں بڑھ سکتا، سرمایہ کاروں کو مجرموں کی طرح پیش کرنے والے ترقی نہیں کر سکتے ۔ قومی غیرت کے لیے خود انحصاری لازمی ہے اور میرا وژن ہے کہ ایک خود مختار ملک ہو۔ وزیراعظم نے کہا پیسہ کمانا گناہ نہیں لیکن ناجائز طریقے سے پیسا کمانا گناہ اور ٹیکس نہ دینا جرم ہے ، ٹیکس چوری کرنا گناہ ہے ۔ قومی غیرت کے لیے خود انحصاری لازمی ہے ، میرا وژن ہے کہ پاکستان خود مختار ہو۔ ہم سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سازگار فضا پیدا کرنے سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ وزیر اعظم نے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کو ہدایت کی کہ ملک میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لئے مختلف شعبہ جات اور اس کے ذیلی شعبوں میں درپیش تمام تر مسائل اور ان کے حل کے بارے میں جامع منصوبہ پیش کریں جبکہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم ملک میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے بارے میں ہر ماہ جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے ۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے وزیراعظم کوکاروباری برادری کو درپیش مختلف مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ دریں اثنا وزیر اعظم سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی اسمبلی میں قانون سازی اور کمیٹیوں کی تشکیل کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ مزید برآں سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز کی سربراہی میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آ ئی کے سینیٹرز نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی ۔دوسری طرف پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے شوکت بسرا نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور باضابطہ طور پر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ۔اس موقع پر جہانگیر خان ترین بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ شوکت بسرانے کہا تحریک انصاف کا انتخاب پارٹی ٹکٹ یا کسی عہدے کے لیے نہیں بلکہ وزیرِ اعظم عمران خان کے وژن سے متاثر ہو کر کیا ۔ اس وقت عمران خان سے زیادہ محب وطن اور عوام کا دکھ درد سمجھنے والا اور کوئی لیڈر نہیں ۔ پیپلزپارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی نے کہا شوکت بسرا کا پیپلزپارٹی سے کوئی تعلق نہیں، شوکت بسرا کو 2018 سے پہلے ہی پیپلزپارٹی نکال چکی ہے ۔پی ٹی آئی پہلے سے ہی لوٹوں کا قبرستان ہے ۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پولیس اہلکاروں کیلئے شہدامعاونت پیکیج کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر کرنے کی تجویز منظور کر لی جبکہ پولیس اہلکاروں کو صحت کی ضروریات مہیا کرنے کیلئے صحت انصاف کارڈز کی فراہمی کی بھی منظوری دے دی گئی۔ اسلام آباد، بورے والا، لاہور، کراچی ( سپیشل رپورٹر، تحصیل رپورٹر، نامہ نگار، سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے گیس کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تحلیل کرنے کی منظوری دے دی۔ سوئی سدرن گیس اور سوئی ناردرن گیس کمپنی کا بورڈ بھی تحلیل کردیا گیا، پیٹرولیم ڈویژن نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔ گزشتہ روز وزیراعظم کو پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے سمری موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ گیس کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تحلیل کیا جائے کیوں کہ یہ حکومت کے توقعات کے مطابق کام نہیں کررہے ۔ علاوہ ازیں مختلف شہروں میں گیس کی لوڈشیڈنگ جاری ہے جبکہ بعض علاقوں میں پریشر کم ہونے کی شکایات ہیں۔ گیس کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے شہری لکڑیاں اور مہنگی ایل پی جی جلانے پر مجبورہو چکے ہیں۔ علاوہ ازیں لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے ترجمان کے مطابق ایل ٹی سی کی تمام بسیں شہر میں مختلف اربن روٹس پر آپریشنل اور رواں دواں ہیں۔ دوسری طرف و زیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا سندھ پاکستان کی 70 فیصد گیس پیدا کرتاہے پھربھی سندھ کوگیس سے محرورم رکھاجارہاہے ۔آئین کے آرٹیکل 158 کے تحت گیس پرپہلاحق سندھ کے عوام کا ہے لیکن ہمارے حق کونظراندازکیاجارہاہے ۔مراد علی شاہ نے وفاق سے فوری طور پرسندھ کو گیس کی بحالی کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گیس بحران کا مقصدسندھ کے عوام کی روزی روٹی چھیننے کے مترادف ہے ۔ا پی پی سندھ کے صدر،سابق صوبائی وزیرنثارکھوڑو،صوبائی وزیر توانائی امتیازشیخ ،وزیرٹرانسپورٹ اویس قادرشاہ،وزیراعلیٰ سندھ کے مشیربرائے اطلاعات واینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا سندھ میں گیس کی قلت کے خلاف صوبے بھرمیں احتجاج کیاجائے گا۔وزیراعظم سندھ حکومت اورعوام کومجبورنہ کریں اگرازا لہ نہیں کیا گیا تو سندھ کے عوام سڑکوں پرہوں گے ۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں