اسلام آباد،لاہور، کراچی ،لندن ،نئی دہلی،کابل (وقائع نگار خصوصی،خصوصی نیوز رپورٹر،خصوصی نمائندہ ، جنرل رپورٹر ،اپنے رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر ، 92 نیوز رپورٹ، ایجنسیاں)کراچی میں پی آئی اے کے طیارہ حادثے پر پورا ملک سوگ میں ڈوب گیا،صدر، وزیراعظم ، آرمی چیف ،سپیکر قومی اسمبلی،چیئر مین وڈپٹی چیئر مین سینٹ ، قومی واپوزیشن رہنمائوں سمیت عالمی رہنمائوں نے افسوس کااظہار کیاہے ۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی میں حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار تے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ طیارہ گرنے پر دل نہایت رنجیدہ اورمغموم ہے ۔ میری دعائیں اور تمام تر ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں ۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو طبی امداد اور طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وہ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک سے رابطے میں ہیں۔ اپنی ٹویٹ میں عمران خان نے کہا عالمی رہنمائوں کے پاکستانی قوم سے تعزیت پرمشکور ہوں،غم کی گھڑی میں پاکستانی عوام اس ہمدردی اور یکجہتی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے طیارہ حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے المناک واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں شریک ہیں۔نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے ۔ ترجمان پاک بحریہ نے کہاکہ نیول چیف نے کراچی میں پاک بحریہ کی فیلڈ کمانڈز کو امدادی کاموں میں سول انتظامیہ کی بھرپور معاونت کی ہدایت کی ۔ وزیر ہوا بازی غلام سرور نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ عید منانے کے لیے اپنے گھروں کو جارہے تھے کہ افسوس ناک حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے حادثہ کی فوری انکوائری کرنے کا حکم دے دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ یہ انتہائی غمزدہ کر دینے والا حادثہ ہے ۔معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔وفاقی وصوبائی وزراشاہ محمود قریشی ،اعجاز شاہ ،شیخ رشید احمد ،پیر نور الحق قادری ،یاسمین راشد ،سبطین خان ،میاں محمود الرشید نے بھی واقعہ پر افسوس کااظہار کیا۔ دریں اثناسابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور ، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں میں قیمتی جانوں کا ضیاع مجھ سمیت پوری قوم کیلئے باعث صدمہ ہے ، انسانی جانوں کو بچانے کے لیے حکومت سندھ تمام وسائل بروئے کار لائے ۔قائد مسلم لیگ ن نوازشریف نے کہا کہ میرا دل آج کے سانحے پر بہت غمگین ہے ،جمعتہ الوداع کے دن اس حادثے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کے لئے دعا گو ہوں۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پوری قوم کو دلی رنج ہے ۔متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ن لیگ کی مرکزی رہنما مریم نواز نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ حادثے کی خبر سن کر ایک دھچکا لگا ۔ حادثے پر ہر پاکستانی کورنج ہے ۔دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے بھی پی آئی اے طیارہ حادثہ پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے بھی حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے اپنے بیان میں انہوں نے اس واقعے کی فوری اعلی سطحی تحقیقات کرانے کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔ اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے بھی طیارے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کا سن کر دلی صدمہ پہنچا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کے دکھ میں شریک ہیں۔پاکستان میں فلسطینی سفیر احمد رابیع نے کہا کہ میرے پیارے بھائیوں اور بہنوں میں اس افسوسناک طیارہ حادثے گہری تعزیت پیش کرتا ہوں۔ایک ٹویٹ میں کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہاآج صبح پاکستان سے ملنے والی خبر چونکا دینے والی ہے اپنے پیاروں کو کھونے والوں سے ہمدردی ہے ، اس خوفناک حادثے کے تمام متاثرین کے دکھ میں شریک ہیں، کینیڈین عوام آپ کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں گے ۔بھارتی وزیراعظم مودی نے کہا ہے کہ پاکستان میں طیارہ حادثے میں جانوں کے ضیاع پرگہرا صدمہ ہوا،حادثے میں جاں بحق افرادکے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہیں،زخمیوں کی جلدصحتیابی کیلئے دعاگوہیں۔ افغان صدراشرف غنی نے ٹویٹ کی کہ حادثے میں جاں بحق افرادکے لواحقین سے ہمدردی ہے ،حکومت پاکستان اورعوام سے تعزیت کرتے ہیں،دکھ کی اس گھڑی میں افغان عوام آپ کیساتھ ہیں۔ایرانی دفترخارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام، حکومت اور غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امریکی سفارتخانے نے بھی اظہار افسوس کیا ہے ۔امریکی سفیر پال ڈبلیو جونز کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے پر پاکستانی عوام سے اظہار افسوس کرتے ہیں۔ ادھر دفتر خارجہ کے مطابق کینیڈا، سوئٹزرلینڈ، نیدرلینڈ،اور سری لنکا کے وزرائے خارجہ نے شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے , ۔ وزرائے خارجہ نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ۔ وزیر خارجہ نے اظہار یکجہتی پر ان شکریہ بھی ادا کیا۔ مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین،سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی ،پیر سید صدرالدین شاہ راشدی ،وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان ،گورنر اوروزیراعلیٰ سندھ ،سینیٹر شیری رحمان ،سینیٹر رحمان ملک، ڈاکٹر محمدطاہرالقادری نے بھی طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔