لاہور، بیجنگ، منیلا، کوئٹہ، (جنرل رپورٹر، نامہ نگار خصوصی، سپیشل رپورٹر، خبرنگار، سٹاف رپورٹر،92 نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) کرونا وائرس سے چین سے باہر فلپائن میں پہلی ہلاکت ہوگئی جبکہ چین میں مزید 45 افراد موت کا شکار بن گئے اور ہلاکتوں کی تعداد 304 ہوگئی۔گزشتہ روزحکومت کا چین میں پھنسے پاکستانیوں کو 14 روز کی آبزرویشن کے بعد وطن لانے کا دعویٰ غلط ثابت ہوااور 10 پاکستانی طلبہ لاہور جبکہ چین سے 2افراد پشاور پہنچ گئے ۔ پاکستانی طلبہ چین میں ایک ہی گھر میں رہائش پذیر تھے ،نجی ایئر لائن کی پرواز سے براستہ بنکاک لاہور پہنچے جبکہ وزیراعظم کے معاون ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا تھا بغیر کلیئرنس کسی کو بھی پاکستان نہیں لایا جا سکتا جبکہ طلبہ کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت کچھ نہیں کر رہی ، تمام ممالک نے اپنے طالبعلموں کو واپس بلا لیا ہے ۔ ووہان میں پھنسے طلبہ کی تعداد ہزاروں میں ہے ۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے بیان میں چین سے آنیوالے طلبہ کی بغیر سکریننگ ایئر پورٹ سے جانے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ مکمل سکریننگ جاری ہے ۔ علاوہ ازیں چین میں مکمل کلیئرنس کے بعد دو پاکستانی شہری پشاور بھی پہنچ گئے ، پشاور ایئرپورٹ پر بھی انکی سکریننگ کی گئی، بعدازاں دونوں کو آئسولیشن روم منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں 14 دن تک رکھا جائیگا۔دریں اثنا وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کرونا وائرس کی تشخیص کیلئے کٹس پاکستان پہنچ گئی ہیں، الحمداﷲ!آج سے پاکستان کے پاس کرونا وائرس کی تشخیص کی صلاحیت موجود ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق پہلے مرحلے میں کروناوائرس کے تشخیصی ٹیسٹ قومی ادارہ صحت میں کرنے کافیصلہ کیا گیا،دوسرے مرحلے میں لاہور، کراچی میں کرونا ٹیسٹ کی سہولت دستیاب ہو گی۔علاوہ ازیں پاکستان نے چین کیلئے پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا اور آج سے براہ راست فضائی آپریشن شروع ہوگا۔بیجنگ سے آج 9بجے صبح چائنہ ایئر کی پرواز پاکستان پہنچے گی۔ادھر چین نے پاکستان کے ووہان سے شہری نہ نکالنے کے فیصلے کو چین پر اعتماد کا اظہار قراردیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت کو بھروسہ ہے چین پاکستانیوں کا تحفظ یقینی بنائیگا۔ پاکستانی وزیر خارجہ سے چینی ہم منصب کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کا چینی وزیراعظم کیلئے پیغام پہنچایا ،انکا کہنا تھا کہ پاکستان کرونا وائرس کا پھیلاو روکنے پر چینی اقدامات کی حمایت کرتا ہے ۔ شاہ محمودقریشی نے چین کوکرونا کی روک تھام پرہر ممکن مددکی پیشکش کی ۔ ادھر کرونا وائرس سے متاثرہ شہر ووہان کیلئے پاکستان سے طبی آلات کی کھیپ چین پہنچ گئی ،ان آلات میں 3لاکھ ماسک، 800حفاظتی لباس اور 6800جوڑے دستانے شامل ہیں۔دریں اثنا لاہور ایئرپورٹ کے لاؤنج میں بیٹھے چینی مسافر کی ناک سے خون نکل آیا تو اسے فوری سروسز ہسپتال آئیسولیشن روم منتقل کیا گیا،تاہم سکریننگ کے بعد کلیئر قرار دیتے ہوئے ڈسچارج کر دیا گیا ۔ چینی مسافریائو ڈیمنگ کراچی سے لاہور پہنچا تھا جہاں سے چین کے شہر ارومچی جانا چاہتا تھا۔ادھر لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں کرونا کے مشتبہ24سالہ مریض انس کو آئسولیشن وارڈ میں داخل کرلیا گیا اور اسکے ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔ تخت بھائی کے رہائشی انس کوفلو اور بخار کی شکایت پر ہسپتال لایا گیا، اس سے پہلے دوحہ ایئرپورٹ پر بھی سکریننگ کی گئی لیکن کرونا کے کنفرم شواہد نہیں ملے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلپائن میں کرونا وائرس کے باعث 44 سالہ شخص ہلاک ہوا اسکا تعلق چین کے شہر ووہان سے تھا ۔ چین سمیت پوری دنیا کرونا وائرس کے خطرے سے دوچار ہے ۔ چین میں14380 افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ بھارت میں کرونا کا ایک اور کیس سامنے آ گیا ۔ نیوزی لینڈ اور جنوبی کوریا نے چین سے آنیوالے غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی ۔ چین کے سینٹرل بینک نے معیشت میں 173 ارب ڈالر ڈالنے کا اعلان کیا ہے تاکہ وائرس کے پھیلنے سے نمٹنے میں مدد ملے ۔عراق میں چین سے آنیوالے تمام غیرملکیوں کا داخلہ بندکردیا گیا۔ووہان میں بنایا جانے والا ایک ہزار بیڈز کا فیلڈ ہسپتال مکمل ہو گیا اور چین کی فوج کو اسکا کنٹرول دیدیا گیا ،1400فوجی طبی اہلکار’’ فائرگاڈ مونٹین‘‘ نامی ہسپتال میں مریضوں کا علاج کرینگے ۔۔چینی شہر وینزو بھی لاک ڈاؤن اور کڑی پابندیوں کی زد میں آ گیا جبکہ شہر میں لوگوں کی نقل و حرکت محدود کر دی گئی۔چینی حکومت نے 90 لاکھ آبادی والے اس شہر کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دیئے ۔امریکہ میں وائرس کا آٹھواں کیس رپورٹ ہو گیا۔ سعودی عرب اور عمان کی ایئر لائنز نے چین کیلئے اپنی پروزایں منسوخ کر دی ہیں۔ جنوبی کوریا میں موجود امریکی فوج نے حال ہی میں چین کا سفر کرنیوالے فوجیوں کو 14 روز تک الگ تھلگ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ قازقستان نے ووہان سے اپنے 83 شہریوں کو نکال لیا ۔ سعودی عرب نے بھی ووہان سے اپنے 10 شہریوں کو نکال لیا جبکہ جرمنی نے ووہان سے اپنے 100 شہری فرینکفرٹ منتقل کر دیئے ۔افریقی عرب ملک مراکش نے بھی کرونا زدہ چینی شہر ووہان سے اپنے شہریوں کو واپس لانے کا سلسلہ شروع کردیا۔متحدہ عرب امارات میں کروناسے متاثرہ مریضوں کی تعداد پانچ ہوگئی۔کرونا کے باعث کمپیوٹر مصنوعات بنانیوالی مقبول امریکی کمپنی ایپل نے چین میں 9 فروری تک اپنے 42 سٹورز، کارپوریٹ دفاتر اور رابطے کے مراکزعارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے ۔تاہم ایپل کے آن لائن سٹور زکھلے رہیں گے ۔برطانیہ نے چین میں مہلک کرونا وائرس پھیلنے کے بعد اپنے سفارتخانہ اور قونصل خانوں سے عملہ کے بعض ارکان کو واپس بلا لیا ۔چین سے واپس آنیوالاایم بی بی ایس فائنل ایئر کا پاکستانی طالبعلم باسط علی ڈہرکی کے علاقہ کینجھر پتافی میں اپنے گائوں پہنچ گیا جبکہ اسکے خیر وعافیت سے پہنچنے پر اہلخانہ خوشی سے نہال ہیں۔ باسط علی نے بتایا کہ اپنی مدد آپکے تحت بیجنگ سے سری لنکا اوروہاں سے کراچی پہنچا،واپس لانے کیلئے حکومت نے کوئی مدد نہیں کی ۔ادھربلوچستان میں کرونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر گوادر پورٹ پر کام کرنیوالے 3 چینی انجینئرزکی سکرینگ کا عمل مکمل کرلیا گیایہ حال ہی میں چین سے لوٹے تھے ۔تینوں کو 14 روز کیلئے دیگر ملازمین سے الگ رکھا گیا ہے ۔