لاہور، اسلام آباد ، کراچی، پشاور، کوئٹہ (جنرل رپورٹر ،خبر نگار خصوصی ،نامہ نگار ،سٹاف رپورٹر،نیوز رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) کراچی میں کرونا وائرس سے پہلا مریض چل بسا،ملک میں ہلاکتوں کی تعداد تین ہوگئی جبکہ 46 نئے کیس سامنے آنے کے بعدمتاثرین کی تعداد495ہوگئی ۔سندھ 252، پنجاب96،بلوچستان 92، خیبرپختونخوا23 ، گلگت بلتستان 21، اسلام آباد10 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس سامنے آچکاجبکہ 5مریض صحتیاب ہوچکے ۔محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں کرونا وائرس سے پہلے مریض کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔ 77سالہ شخص نجی ہسپتال میں دوران علاج انتقال کر گیا۔وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے سندھ میں کروناوائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔77سالہ شخص کو گزشتہ روز تشویشناک حالت میں کراچی کے نجی ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔ اپنے ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہنا تھا جاں بحق شخص کوکینسر،شوگر اور بلڈ پریشر کا مرض بھی تھا اور اس کی حالت ناساز تھی اور وہ کمزور تھا تاہم جب اس پر کرونا وائرس کا حملہ ہوا تو اس وجہ سے اس کا انتقال ہو گیا ۔ جاں بحق ہونے والے شخص کا تعلق کراچی سے ہے اوراس کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں تھی۔سندھ میں مزید 14مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی،صوبے میں مریضوں کی تعداد252ہوگئی، کراچی میں متاثرہ افراد کی تعداد 101 جبکہ سکھر میں کرونا کیسز کی تعداد 151 ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے عوام کو 3 دن کیلئے آئسولیشن میں جانے کی اپیل کردی۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا عوام آئندہ 3دن کیلئے مکمل آئسو لیشن میں رہیں۔آپ کا گھروں میں رہنا آپ اور ہم سب کیلئے ضروری ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کرونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہواجس میں اہم فیصلے کئے گئے ۔ سندھ کے وزیر اطلاعات اور وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا سندھ کے شہری کرونا وائرس کی وبا کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ، اگر معاملے کی حساسیت کو نہ سمجھا گیا تو لاک ڈاؤن کی طرف جائیں گے جس سے عوام کو زیادہ مسائل پیش آسکتے ہیں۔ حکومت سندھ نے کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر صوبے میں تمام ترقیاتی فنڈز منجمد کرتے ہوئے ترقیاتی بجٹ کا اجرا روک دیا۔کرونا وائرس کیخلاف طویل المدت منصوبہ بندی کے تحت ڈاکٹرزاورطبی عملہ بھرتی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔ہائوس جاب مکمل کرنے اورپی ایم ڈی سی سے سندیافتہ ڈاکٹرز کو6 ماہ کے کنٹریکٹ پربطور میڈیکل آفیسر بھرتی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔ڈاکٹرز کی بھرتیاں چھ ماہ کے کنٹریکٹ پر ہونگی ۔ ایکسپوسنٹر کراچی میں 11سوبیڈز پرمشتمل ہسپتال اورپاک فوج کے تحت آئسولیشن سنٹرقائم کردیاگیا ۔سوک سنٹر کراچی میں کرونا وائرس سے پچاؤ کیلئے پاک فوج کی جانب سے قائم قرنطینہ سنٹرکا اعلی سول اور فوجی حکام نے دورہ کرکے تیاریوں کا جائزہ لیا ۔پاک آرمی کی جانب سے کراچی ائیر پورٹ پر کرونا کی تشخیص کیلئے سکریننگ کی سہولیات فراہم کرنے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔پی آئی اے نے کراچی میں ایئرپورٹ ہوٹل میں 34 کمروں پر مشتمل علیحدہ زون قائم کردیا ۔سندھ میں پانچ سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی عائد کردی گئی۔ پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید18کیس سامنے آئے ہیں ، صوبے میں مریضوں کی تعداد96 ہوگئی۔18 نئے کیس زائرین میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ ابتک 71 زائرین، لاہور15، ملتان2 ، مظفر گڑھ 3، راولپنڈی،جہلم 1،1 اور گجرات میں 3 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔تمام کنفرم مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں ۔ ابتک صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں 528 مشتبہ مریضوں کے لیب ٹسٹ کیے جا چکے ہیں۔409 ٹیسٹ نیگیٹو آئے ،23 مشتبہ افراد کے رزلٹ آنا باقی ہیں۔مریضوں سمیت کل 119 افراد کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے ۔پنجاب حکومت نے پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی سنٹرل لیب میں بھی کرونا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ایران سے مزید 142 زائرین تفتان پہنچ گئے ، قرنطینہ میں رکھے مسافروں کی تعداد 615 ہوگئی ۔ابتک 1270 زائرین کو ملتان اور 433 کوڈیرہ اسماعیل خان پہنچایا جاچکا ، ڈی آئی خان پہنچنے والے زائرین کو گومل میڈیکل کالج کے قرنطینہ سنٹر منتقل کیا گیا ۔ پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کی نمائندہ ڈاکٹر ڈاکٹر پلیٹھا مہیپالا نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کرونا وائرس اس وقت عالمی وبا اختیار کر چکا ہے ۔پاکستان میں مشتبہ کیسز 1346 ہیں جبکہ متاثر لوگوں کی تعداد 530 ہے ۔پاکستان کو ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے ۔پاکستان کو لگاتار لوگوں کو ٹریس کر کے ٹیسٹ جاری رکھنے چاہئیں۔دریں اثناء ملک بھر میں نماز جمعہ خصوصی حفاظتی اقدامات کے تحت ادا کی گئی۔حکومت اور علما کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی تھی وہ نماز جمعہ کیلئے وضو گھرسے کرکے آئیں۔ سنتیں گھروں سے پڑھ کر آئیں اور بعد کی سنتیں گھر جا کر پڑھیں۔مال روڈ لاہور کی مسجد شہدا میں نمازیوں کیلئے کھلی جگہ پر صفوں کا انتظام کیا گیا۔ فلائنگ کلب والٹن میں حکومتی پالیسی کے برعکس ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے ۔کوئٹہ کے تمام بڑے شاپنگ مال ،مارکیٹیں 3ہفتے کیلئے بند کردی گئیں۔ مینگورہ اور گرد و نواح میں تمام نجی میڈیکل سنٹرز اور کلینکس15 روز کیلئے بند کر دیئے گئے ۔ پشاورمیں احکامات کی خلاف ورزی پر 500سے زائدشادی ہال، سکول ، کوچنگ اکیڈمیاں، جم، سنوکر کلبز کو سیل کردیا گیا۔بلوچستان میں کرونا وائرس کے مزید 11 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 92 ہوگئی ۔حکومت بلو چستان نے کو ئٹہ میں3ہفتوں کیلئے جزوی لاک ڈاون کر دیا جبکہ صوبے میں تمام بڑے شاپنگ مالز، مارکیٹوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کو آج سے 3 ہفتوں کیلئے بند کر دیا ۔دریں اثناء کرونا وائرس کی صورتحال پرچینی ماہرین کی 4گھنٹے طویل انٹرنیشنل ویڈیو کانفرنس ہوئی ۔چینی ماہرین نے پاکستان سمیت متعددممالک کیساتھ اپنے تجربات شیئرکئے ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ میجر جنرل عامر اکرام نے کہا مشکل وقت میں چین کے شکرگزارہیں۔چینی حکام نے پاکستانی سوالات کے جواب دئیے ۔ ویڈیو کانفرنس سے ہمارے علم میں اضافہ ہوا۔ چینی سفارتخانے کے مطابق یورپی،وسطی اورجنوبی ایشیاکے 20 ممالک کانفرنس میں شریک ہوئے ، پاکستان کی جانب سے 20 کے قریب ماہرین شریک ہوئے ۔