Common frontend top

کرونا کے مزید3مریض چل بسے ، متاثرین 2ہزار سے بڑھ گئے، رائیونڈسٹی مکمل لاک ڈائون

بدھ 01 اپریل 2020ء





لاہور،رائیونڈ، اسلام آباد ( جنرل رپورٹر ،خبر نگار خصوصی،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،سپیشل رپورٹر،کرائم رپورٹر، اپنے رپورٹر سے ، 92 نیوز رپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں ) ملک میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 26 ہوگئی جبکہ مجموعی کیس 2037 ہو گئے ۔ گزشتہ روزکورونا وائرس سے مزید 3 ہلاکتیں ہوئیں جن میں سے دو سندھ اور ایک خیبرپختونخوا میں ہوئی۔ وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے بتایا کراچی میں 74 سالہ شہری کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگیا، 74 سالہ شہری دمے اور شوگر کا مریض تھا جس کا 26 مارچ کو ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا اور گزشتہ روز دوران علاج وہ چل بسا۔ دوسری ہلاکت بھی کراچی میں ہوئی۔ 70 سالہ مریض کو گزشتہ روز ہسپتال لایا گیا تھا جس کے انتقال کے بعداس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ مریض کئی امراض میں مبتلا تھا جبکہ وہ لوکل ٹرانسمیشن کے باعث کورونا وائرس میں مبتلا ہوا۔ خیبرپختونخوا حکومت کے فوکل پرسن نے صوبے میں چھٹی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ایک ہفتے قبل انتقال کر جانے والے شخص کی رپورٹ گزشتہ روز موصول ہوئی جس میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 252نئے کیس سامنے آئے ، سندھ 110، پنجاب 57، گلگت بلتستان36، خیبرپختونخوا 32، بلوچستان 10 اور اسلام آباد میں 7 کیس سامنے آئے ۔ پنجاب میں کوروناکیسزکی تعداد708،سندھ676،خیبرپختونخوا253،بلوچستان154،گلگت بلتستان178،اسلام آباد58اورآزادکشمیرمیں تعداد6ہوگئی۔ ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 2033 ہوگئی۔ ابتک اموات کی تعداد26اور 58مریض صحتیاب ہوچکے جبکہ 10 کی حالت تشویشناک ہے ۔ ابتک پنجاب میں سب سے زیادہ 9 ہلاکتیں ہوچکیں ،سندھ میں 8 ، خیبرپختونخوا میں 6 ، بلوچستان میں ایک اور گلگت بلتستان میں 2 افراد جاں بحق ہوچکے ۔وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق پنجاب میں کورونا کے 708 مصدقہ کیس ہیں ۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے بتایا ڈی جی خان، ملتان، فیصل آباد اور رائیونڈ کے قرنطینہ مراکز میں 337، لاہور 154، گجرات 72، جہلم 28، راولپنڈی 45، ننکانہ13، گوجرانوالہ 12، فیصل آباد 9، حافظ آباد اور ڈی جی خان 5،5، منڈی بہائوالدین 4، رحیمیار خان،بہاولنگر اورمیانوالی 3،3، جبکہ ملتان، وہاڑی، لودھراں اور سرگودھا میں 2،2 کیس ہیں۔ نارووال، اٹک، خوشاب، بہاولپور، قصور اور لیہ میں ایک ایک کیس ہیں۔ میو ہسپتال لاہور کی سٹاف نرس اور عزیز بھٹی ہسپتال گجرات کا ڈاکٹر کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ۔دونوں کو آئسولیشن وارڈ میں شفٹ کر دیا گیا۔ابتک مختلف ہسپتالوں کے 7 ملازمین کورونا وائرس سے متاثر ہو ئے ہیں جن میں 5 ڈاکٹر، ایک نرس اور ایک پیرا میڈک شامل ہے ۔ تبلیغی مرکز میں تیزی سے کورونا مریض سامنے آنے کے بعدرائیونڈ سٹی کو مکمل لاک ڈائون کردیاگیاجبکہ تبلیغی مرکز کو قرنطینہ قرار دیدیا گیا۔شہر میں تمام میڈیکل اورجنرل سٹورز کوبھی بندکرادیاگیا،پولیس اوررینجرزنے گلیوں میں گشت شروع کردیا،کسی بھی شہری کوگھرسے باہرنکلنے کی اجازت نہیں۔سندھ میں 61 نئے کیس لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں جن میں سے کراچی کے 45 اور جامشورو کے 2 کیس ہیں جبکہ حیدرآباد میں تبلیغی جماعت کے مزید 14 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں کیسز کی تعداد 294 اور حیدرآباد میں 57 ہوگئی جبکہ دادو میں ایک، جیکب آباد میں ایک اور جامشورو میں 2 کیسز ہیں۔ سکھر میں موجود زائرین میں 265 اور لاڑکانہ میں7 زائرین کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔ سندھ میں کوروناسے مزید2مریض صحتیاب ہوگئے ۔ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے ٹویٹ کی کہ دونوں مریضوں کے دوبارہ ٹیسٹ منفی آئے ۔سندھ میں کوروناسے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد51ہوگئی۔ خیبرپختونخوا میں تمام ہسپتالوں میں او پی ڈی13 دن کیلئے بند کردی گئی۔حکومتی اعلامیے میں کہا گیا ہے صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں او پی ڈیز یکم اپریل سے 13 اپریل تک بند رہیں گے ۔ بلوچستان حکومت نے لاک ڈاؤن مزید سخت کرنیکا حکم دیدیا۔ کمشنر لاہور ڈویژن سیف انجم نے کہا ہے کرونا مریضوں کیلئے لاہور سمیت پوری ڈویژن میں 1495بستروں کے فیلڈ ہاسپٹل تیار کر لئے ۔ لاہور میں900،قصور 180،شیخوپورہ 235،ننکانہ میں 160بیڈز کے ہسپتال تیار ہوئے ہیں۔لاہور ڈویژن میں 4478 بستروں کے قرنطینہ مراکز بنائے گئے ۔ لاہور کے قرنطینہ مراکز میں 1667 ،قصور898،شیخوپورہ 352اور ننکانہ کے قرنطینہ میں 1561 مریضوں کی گنجائش ہے ۔لاہور ڈویژن میں 217 مقامات پرآئسولیشن مراکز قائم کیے گئے ۔لاہور ڈویژن کے 19 صحت مراکز میں 168بیڈز کے ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ قائم کیے گئے ہیں۔لاہور کے ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس میں 153 بیڈموجود ہیں۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں