Common frontend top

کل علاج کیلئے بیرون ملک روانگی کا امکان: حکومت بہت چھوٹے دل کی نکلی:نواز شریف، قائد کا مشن جاری رہیگا:صدر ن لیگ

پیر 18 نومبر 2019ء





لاہور،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں،خبر نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک) قائد مسلم لیگ ن نوازشریف نے کہا ہے حکومت بہت چھوٹے دل کی نکلی ہے ، امکان ہے کہ سابق وزیر اعظم علاج کی غرض سے کل بیرون ملک روانہ ہوجائیں گے ،صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا ہے نوازشریف کی ملک و قوم کیلئے گراں قدر خدمات ہیں،ان کی پاکستان میں عدم موجودگی پر ان کا مشن جاری رکھیں گے ۔ مسلم لیگ (ن) کے صدرشہباز شریف نے جاتی عمرہ رائے ونڈ میں بڑے بھائی،مریم نواز اور دیگر اہلخانہ سے ملاقات کی ۔ شہباز شریف نے نواز شریف کی عیادت کی ، ڈاکٹرعدنان نے سابق وزیر اعظم کی صحت کی صورتحال کے حوالے سے شہباز شریف کو آگاہ کیا۔اس موقع پر نواز شریف کی علاج کے لئے کل بیرون ملک روانگی کے سلسلہ میں ان کی صحت کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی ۔اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا حکومت بہت چھوٹے دل کی نکلی ہے ۔ادھرایک بیان میں شہباز شریف نے نوازشریف کیلئے نیک جذبات اور ہمدردی کا اظہار کرنے پر حکومتی اتحادی (ق) لیگ اورایم کیو ایم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا چودھری شجاعت حسین ،چودھری پرویزالٰہی اور چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کے شکر گزار ہیں۔اے این پی اور پیپلزپارٹی کے بھی بے حد مشکور ہیں جنہوں نے نوازشریف کے لئے نیک خواہشات اور جلد صحتیابی کے لئے پیغامات بھیجے ۔صدر مسلم لیگ ن نے کہا نوازشریف کی صحت پر ان تمام سیاسی جماعتوں نے انسانیت سے ہمدردی کا ثبوت دیا ہے ، حکومت کی اتحادی جماعتوں نے دشمنی کی سیاست کی بجائے مفاہمت اور انسانی بنیادوں کی سیاست کو فروغ دیا ،تمام اتحادی جماعتوں نے انسانی ہمدردی کی مخالفت کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کی ہے ۔انہوں نے نواز شریف کی صحت یابی کیلئے دعائیں کرنے پرعوام کا بھی شکریہ اداکیا۔ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہانواز شریف کو لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس کل صبح لاہور پہنچے گی، ڈاکٹروں نے نواز شریف کا اتوار کو پھر تفصیلی معائنہ کیا ،سٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز جاری ہیں تاکہ پلیٹ لیٹس کی تعداد سفر کے قابل ہو سکے ۔ہائی بلڈ شوگر، دل اور دیگر طبی خطرات کو کم سے کم سطح پر لانے کے لیے بھی ادویات دی جا رہی ہیں۔ ڈاکٹر ایسی محفوظ طبی حکمت عملی پر کاربند ہیں جس سے نواز شریف بحفاظت سفر کر سکیں، نواز شریف کو سفر کے قابل بنانے کیلئے ڈاکٹروں نے لائحہ عمل طے کرلیا ،دعا کریں ان کا سفر بخیر رہے اور اﷲ تعالی ان کو صحت کاملہ عطا فرمائے ۔ایک ٹویٹ میں نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان نے کہاسابق وزیراعظم 48 گھنٹے کے دوران لندن روانہ ہوجائیں گے ،نواز شریف کا سفر ان کی حالت بہتر ہونے سے مشروط ہے ،وہ تمام سہولیات اور میڈیکل سٹاف سے آراستہ ائیر ایمبولینس میں سفر کریں گے ۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں