لاہور، ملتان ، اسلام آباد ،پشاور،کراچی،واشنگٹن، روم، تہران (جنرل رپورٹر، کرائم رپورٹر،خبر نگار خصوصی،سپیشل رپورٹر،وقائع نگار، لیڈی رپورٹر، خبرنگار،92نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک،اے ایف پی، نیوزایجنسیاں ) کورونا وائرس سے مزید 5 افراد جاں بحق ہو گئے ،ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 96ہوگئی جبکہ متاثرین کی تعداد5553 ہو گئی۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 3، سندھ اور خیبرپختونخوا میں ایک ایک ہلاکت ہوئی جبکہ ملک میں 191نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔گزشتہ روز رحیمیار خان،ملتان اور بہاولپور میں ایک ایک مریض دم توڑ گیا ۔محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں ایک ہلاکت کی تصدیق کی ہے ۔ خیبرپختونخوا میں ایک کرکٹر جان کی بازی ہار گیاجبکہ 56 نئے کیس سامنے آگئے ۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں فرسٹ کلاس کرکٹر ظفر سرفراز کا کورونا ٹیسٹ 6 روز قبل مثبت آیا تھا، ظفر سرفراز نے پشاور کی جانب سے 15 فرسٹ کلاس میچ کھیلے تھے ، وہ پاکستان کے بین الاقوامی کھلاڑی اختر سرفراز کے بڑے بھائی تھے ۔ ابتک خیبرپختونخوا 36، سندھ 31 ، پنجاب24،بلوچستان 2، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی جبکہ پنجاب2672، سندھ 1452، خیبر پختونخوا 800، بلوچستان231، گلگت بلتستان224، اسلام آباد131 اور آزاد کشمیر میں43 کیس رپورٹ ہوچکے ۔ابتک1097مریض صحتیاب بھی ہو چکے ۔مظفرگڑھ میں تبلیغی جماعت کے 53 ارکان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ۔پی آئی سی لاہور کے سینئر پروفیسربھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ۔ سینئر کارڈیک سرجن پروفیسر آفتاب یونس کا کورورنا ٹیسٹ مثبت آیا۔انہیں پی کے ایل آئی منتقل کر دیا گیا۔سربراہ پی آئی سی پروفیسر ثاقب شفیع کے مطابق پی آئی سی کے آئی سی یو عملے کی سکریننگ ہورہی ہے ۔متاثرہ پروفیسر سے رابطہ کرنے والے افراد کے بھی ٹیسٹ کرائے جائینگے ۔ پنجاب حکومت نے نشتر برن یونٹ کو کورونا ہسپتال ڈکلئیر کر دیا ہے ۔ وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایانشتر ہسپتال کے 17 ڈاکٹر، 2 نرسز اور 7 دیگر افراد کے ٹیسٹ پازیٹو آئے ہیں ۔ قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کی کیتھ لیب میں کام کرنے والا ڈاکٹر کورونا کا شکار ہوگیا۔ ایڈمنسٹریٹو افسر ڈاکٹر حمید اللہ نے تصدیق کی کہ ہسپتال میں ایک ڈاکٹر کورونا کا شکار ہوا ہے اور باقی عملے کی سکریننگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ پشاور ڈاکٹر اکرام اللہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ۔ صوبہ بھر میں 7نرسز،14ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کو آئیسو لیشن وارڈ میں منتقل کردیاگیا ۔ڈی ایچ او ملاکنڈ کا کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آنے کے بعد ان سے ملاقاتیں کرنے والے ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ اور فورسز کے اعلیٰ آفیسر قرنطینہ میں چلے گئے ۔ایس پی اقبال ٹائون آفس لاہور کے اوپس روم میں تعینات ملازم میں کورونا کی تشخیص ہوگئی۔پولیس ذرائع کے مطابق ٹی اے ایس آئی علی نقی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔محکمہ صحت نے ایس پی اقبال ٹائون محمد اجمل اور ایس پی آفس کے دیگر عملے کے سیمپل لیبارٹری بھجوا دیئے ہیں۔ٹی اے ایس آئی علی نقی کو قرنطینہ قلعہ گجر سنگھ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ وزارت سمندر پار پاکستانیز میں بھی کورونا وائرس کا مشتبہ کیس سامنے آگیا جس کے بعد وزارت اوورسیز پاکستانی کا دفتر16اپریل تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔وزارت ہائوسنگ میں بھی کورونا کا ایک کیس سامنے آیاجس کے بعد وزارت بند کر دی گئی ۔ شوکت خانم ہسپتالمیں کورونا سکریننگکیمپ قائم کردیا گیا۔چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عاصم یوسف نے بتایا ہسپتال آنے والے ہر مریض کا مفت کوروناٹیسٹ اور علاج کیاجارہاہے ۔ ابتک 2300ٹیسٹ حکومتی کٹس اور پانچ سوٹیسٹ اپنے وسائل سے کر چکے ہیں۔گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کے چئیرمین ڈاکٹر سلمان حسیب نے کہا ہے گجرات میں نرس کورونا وارڈ میں ڈیوٹی دیتے شہید ہوئی۔ محکمے کی جانب سے شواہد چھپائے جا رہے ہیں۔ ان کا کورونا ٹیسٹ بھی نہیں کیا گیا۔ ایک نرس شہید جبکہ 60 ہیلتھ پروفیشنلز، ڈاکٹرز، نرسز ،پیرامیڈکس وائرس میں مبتلا ہیں۔ میو ہسپتال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہیلتھ پروفیشنلز کے موبائل قبضے میں لیے جا رہے ہیں۔ حکومت ہیلتھ پروفیشنلز کی زندگی خطرے میں ڈال رہی ہے ۔وزیر صحت سیاست کو دور رکھیں ،ہیلتھ پروفیشنلز کو حفاظتی کٹس فراہم کریں اور خصوصی پیکج متعارف کرائیں۔عالمی ادارہ صحت نے (ڈبلیو ایچ او) کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی سامان پاکستان کو فراہم کردیا۔عالمی ادارہ صحت کے نمائندے نے حفاظتی سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( این ڈی ایم اے ) حکام کے سپرد کیا جس میں 15 ٹیسٹنگ مشینیں اور 15 ہزار کٹس شامل ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کی نمائندہ ڈاکٹر پالیتھا گناراتھا نے کہا عالمی ادارے نے یہ آلات کورونا کی وبا کو پھیلنے سے روکنے سے متعلق پاکستان کی کوششوں میں تعاون کے طور پر دیے ہیں۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل افضل نے بتایا این 95 ماسک کے علاوہ تمام حفاظتی سامان ملک میں تیار ہو رہا ہے ۔ ملک میں اس وقت 37 ٹیسٹنگ لیبارٹریز کام کررہی ہیں، مزید 25 لیبارٹریوں کو جلد فعال کردیا جائے گا ۔ یومیہ 50 ہزار سے زائد ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے ۔کورونا ٹیسٹ کیلئے 100 موبائل لیبارٹریاں بھی قائم کی جارہی ہیں۔ادھر دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 118,683ہو گئیں جبکہ متاثرین کی تعداد 19لاکھ سے بڑھ گئی،441,232مریض صحتیاب جبکہ51,720 کی حالت تشویشناک ہے ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید4,489 مریض چل بسے جبکہ60,181 نئے کیس سامنے آگئے ، متاثرین کی مجموعی تعداد1,912,438ہو گئی۔امریکہ 1,147 ،برطانیہ 717، فرانس574 ،اٹلی 566،بلجیم303،سپین280، ایران111، ترکی 98،نیدرلینڈز 86 ، کینیڈا 50، برازیل میں مزید47مریض چل بسے ۔امریکہ میں ہلاکتیں23ہزار جبکہ متاثرین ساڑھے 5 لاکھ سے تجاوزکر گئے ۔امریکی فوج کے 3,366اہلکار کورونا سے متاثر جبکہ 13 جان سے ہاتھ دھو چکے ۔ نیو یارک میں مرنے والوں کی تعداد 10 ہزار سے بڑھ گئی ۔امریکی طیارہ بردار جہازتھیوڈور روزویلٹ کا معطل کیا گیا کپتان کورونا کا شکار ہو کر ہلاک ہو گیا، کپتان کو جہاز پر کورونا پھیلنے کا انکشاف کرنے پر فارغ کر دیا گیا تھا۔ اٹلی 20ہزار سے زائد ہلاکتوں والا دوسرا ملک بن گیا، اموات کی تعداد20,465ہوگئی۔اسرائیل کے سابق ربی اعظم اور سفاردی یہودیوں کے سابق روحانی پیشوا علیاہو بخشی دورون کورونا سے ہلاک ہو گئے ۔ روس میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 2558افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید24افرادہلاک ہوگئے ۔ ماسکو میں پاسز کے بغیر گھر سے باہر نکلنے والوں کو جرمانہ کیا جائے گا۔ روسی صدر پیوٹن نے کہا ہے ملک میں کورنا کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور صورتحال میں بہتری نظر نہیں آ رہی۔ بھارت میں 27افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متاثرین کی تعداد10,453ہو گئی۔بھارتی وزیراعظم مودی لاک ڈاؤن کے حوالے سے آج قوم سے خطاب کریں گے ۔جنوبی کوریا میں 116 ایسے افراد میں پھر سے کورونا وائرس سامنے آیا ہے جو اس سے پہلے اس بیماری سے صحتیاب ہو چکے ہیں۔فرانس کے صدر نے ملک میں لاک ڈاؤن کی مدت میں 11 مئی تک توسیع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔تہران کے میئر کے معاون خصوصی نے انکشاف کیا ہے تہران کے بہشت زھرا قبرستان میں مزید 10 ہزارنئی قبریں تیار کی گئی ہیں۔ تہران میونسپل کونسل کے اجلاس میں میئر کے معاون مجتبیٰ یزدانی نے کہا تہران میں بہشت زھرا قبرستان میں 12 میٹر لمبے متعدد فریج کنٹینر اور کئی ریفریجریٹر رکھے گئے ہیں جن میں کورونا سے مرنے والوں کی لاشیں تدفین سے قبل منتقل کی جائیں گی۔ اٹلی میں لاک ڈائون میں 3 ہفتے کی توسیع کر دی گئی ۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیر داخلہ سلیمان سوئلو کا استعفی نا منظور کر دیا ۔ سپین نے لاکھوں افراد کو کام پر لوٹنے کی اجازت دیدی۔صرف میڈرڈ میں تین لاکھ لوگ کام پر واپس لوٹے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا ہے نیا کورونا وائرس سوائن فلو سے دس گنا زیادہ مہلک ہے ۔مؤثر ویکسین ہی دنیا بھر میں اس بیماری کی منتقلی کو مکمل طور پر روک سکتی ہے ۔یوکرائنی صدرنے کورونا کی ویکسین تیار کرنیوالے سائنسدانوں کیلئے 10لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے ۔ایشیائی ترقیاتی بینک نے کورونا وبا کے پیش نظر ترقی پذیر رکن ممالک کی مدد کیلئے 20 ارب ڈالر کے پیکج کا اعلان کیا ہے ۔بینک کے صدر ماسا تسوگو اساکاوا نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا اس بحران کی شدت کے باعث ادارے کیلئے ضروری ہو گیا ہے کہ وہ امداد میں توسیع کرے ۔پیکج میں 13 ارب ڈالر قرض کی صورت میں جبکہ 2 ارب ڈالر پرائیویٹ سیکٹر کیلئے رکھے گئے ہیں۔اقوام متحدہ کی بائیو ڈاورسٹی چیف (حیاتیاتی تنوع کے سربراہ) نے مستقبل میں وباؤں کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے جنگلی حیات کی منڈیوں پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ الزبتھ ماروما مریمہ نے کہامنڈیوں میں جنگلی جانوروں کی خرید و فروخت کا رواج انسانی صحت کے ساتھ ساتھ معدومیت کے خطرے سے دوچار جانوروں کیلئے بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے ۔