لاہور،ساہیوال(خصوصی نمائندہ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ڈینگی کی روک تھام کے لئے وضع کئے گئے پلان پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ،کوتاہی جہاں نظر آئی وہاں پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ڈینگی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا،جس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی، لاہور اور دیگر شہروں میں ڈینگی کے مرض پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈینگی کے سدباب کیلئے صوبہ بھر میں تمام ادارے فعال کردار ادا کریں۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے پاکپتن،اوکاڑہ اورساہیوال کے لئے صحت انصاف کارڈ سکیم کا افتتاح کردیا،وزیراعلیٰ نے ساہیوال ڈویژن کیلئے 80کروڑ روپے کے 7میگاپراجیکٹس اورپولیس کمپلینٹ سیل، کمپیوٹرائزڈ ڈرائیونگ لائسنسنگ لیب،پکار 15کنٹرول روم کا افتتاح کیا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال ساہیوال کی ٹیچنگ ہسپتال اپ گریڈ یشن سمیت 1ارب19کروڑ روپے کے تین میگاپراجیکٹس کا بھی اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے سرکٹ ہاؤس ساہیوال پہنچنے پر چیچہ وطنی کی ماڈل کیٹیل مارکیٹ،قائداعظم کرکٹ سٹیڈیم ساہیوال کی تعمیر نو اورفلڈ لائٹس کی تنصیب،کمیر میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج،میونسپل کمیٹی آفس،آر ایچ سی میں ضروری سہولتوں کی فراہمی اوررینالہ خورد میں 60بیڈ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے منصوبوں کا افتتاح کیا،انہوں نے سرکٹ ہاؤس اور کول پاور پلانٹ میں موسم برسات کی شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا اورمہم کی کامیابی کیلئے دعا کی،بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے 3 اضلاع کیلئے صحت انصاف کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں سے محروم رکھا گیا، صحت انصاف کارڈ کے ذریعے سفید پوش عزت و احترام سے نجی ہسپتالوں میں مفت علاج کراسکیں گے ، نجی ہسپتالوں میں صحت انصاف کارڈ ہولڈر کا علاج، ادویات اور ٹیسٹ وغیرہ فری ہوں گے ، بل حکومت ادا کرے گی،صحت انصاف کارڈ کے مریض کو آمد و رفت کیلئے کرایہ بھی دیا جائے گا، صحت انصاف کارڈ کے ذریعے 8 امراض کا مفت علاج اور فری فالو اپ ہوگا، سرکاری ملازمین کو بھی مرحلہ وار صحت انصاف کارڈ دیئے جائیں گے ، علماء ، مشائخ، خطیب اور مدارس کے طلبہ کو ہیلتھ کارڈ دیں گے ، انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں کمپیوٹرائزڈ ڈرائیونگ لائسنسنگ لیب، پکار 15 کنٹرول روم سے عوام کو سہولت ہوگی، پولیس کمپلینٹ سیل کے قیام سے امن و امان اور پولیس سے متعلق شکایات کو جلد حل کیا جاسکے گا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سرکٹ ہاؤس میں ساہیوال کے صحافیوں نے ملاقات کی اوروزیراعلیٰ نے صحافیوں کے مطالبات اورتجاویز سنیں، وزیراعلیٰ نے صحافیوں کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ساہیوال میں صحافی کالونی کے مطالبے پر ہمد ردانہ غورکیاجائے گا،پنجاب کے ہر ڈویژن میں صحافی کالونی قائم کرنے کی پالیسی زیر غورہے ،ساہیوال کے اگلے دورے میں صحافیوں کیلئے اچھی خبریں لائیں گے ، کمشنر صحافی کالونی کیلئے اراضی کی نشاندہی کر کے رپورٹ پیش کریں،اس موقع پر کمشنرساہیوال اوردیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے ،بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولنگر اور قصور کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا،وزیراعلیٰ وزیراعلیٰ نے 4اضلاع کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا،وزیراعلیٰ نے سیلاب زدہ علاقے میں امدادی سرگرمیوں اور پانی کی صورتحال کا مشاہدہ کیا۔