انسانی جسم بھی ایک گاڑی کی طرح ہے گاڑی میں فیول ہو تو وہ آگے بڑھتی ہے اور فیول نہ ہوتو یہ گاڑی ایک انچ بھی آگے نہیں بڑھے گی ٹھیک اسی طرح ہمارا جسم بھی ہے جسم کی کارکردگی کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے غذا کی ضرورت ہے یہی انسانی جسم کا فیول ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ غذا کب لی جائے یا کھانا کب کھایا جائے اس کا سادہ جواب یہی رہے گا کہ بھوک لگنے پر ہی کھایا جائے‘ مگر اکثر ماؤں کو یہ شکایت رہتی ہے کہ ان کا بچہ کھانا نہیں کھاتا۔کھانے کیلئے زور دینے پر کہتا ہے کہ مجھے بھوک نہیں ہے اس طرح کے جواب سے ہر گھر کی ماں پریشان رہتی ہے۔ بھوک ایک طرح کا اشارہ ہے کہ جسم کو غذا کی ضرورت ہے ورنہ جسمانی مشین میں پیچیدگیاں پیدا ہوجائیں گی۔زندگی میں اعتدال بھی ضروری ہے یعنی بھوک زیادہ لگنا او رنہ لگنا بھی مناسب نہیں ہے۔ماؤں کو اس بات کی شکایت اکثر رہتی ہے کہ بچے کھانا نہیں کھاتے‘کھانا نہ کھانے اور بھوک نہ لگنے کے کئی ایک اسباب ہوسکتے ہیں۔قبض‘ دواؤں کے استعمال میں کثرت‘ مزاج کی خرابی‘مرچ اور مصالحہ دار اور تلی کی اشیا کھانے اور نیند کی کمی سے بھی بچوں کو بھوک نہیں لگتی۔اکثر بچے‘آلو چپس‘بازار کی اشیاء سافٹ ڈرنکس اس طرح کی مضر صحت چیزیں کھالیتے ہیں اس سے بھی بھوک ختم ہوجاتی ہے۔ اکثر بچے‘کھانے سے زیادہ میٹھے مشروبات پینے کو ترجیح دیتے ہیں ان مشروبات(سافٹ ڈرنکس) میں ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں جو بھوک پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ جدید تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کھانے سے نصف گھنٹہ قبل بچوں کو اگرمیٹھے مشروبات دیئے جائیں تووہ معمول سے کم یعنی نصف خوراک ہی کھائیں گے۔ بچوں کے نشو ونما کی رفتار بھوک پر اثر انداز ہوتی ہے۔بچے جب آہستہ سے نشو نما پاتے ہیں تو ان کی بھوک بھی کم ہوتی ہے خون کی کمی‘قبض‘تھائرایڈ‘نزلہ زکام کی شکایت میں بھی بچے کھانا کم کھاتے ہیں بعض گھروں میں کھانا کھانے کا وقت مقرر نہیں ہوتا‘یہ عنصر بھی بچوں کی بھوک کم کردیتی ہے۔ والدین میں ناچاقی‘گھریلو لڑائیاں‘معاشی پریشانیاں‘ جذباتی عدم توازن اور دیگر کئی عوامل ہیں جن سے بچوں میں کھانے کی بھوک کم ہوجاتی ہے۔ بچوں میں بھوک بڑھانے کیلئے آخر ماؤں کو کیا کرنا ہے یہ ایک اہم سوال ہے۔ بچوں کی بھوک بڑھانے کیلئے ماؤں کو ہی کچھ کرنا پڑے گا۔ پہلے بچے کی پسند اور نہ پسند کو سمجھیں اس کی پسند کے مطابق ہی ناشتہ‘کھانا تیار کریں۔بچوں کو باہر کی چیزیں کھانے کیلئے نہ دیں کھانا کھانے کے بعد چہل قدمی بالخصوص رات میں کرائیں‘بچے کی اجابت صاف ہے یا نہیں اس کے بارے میں پوچھتے رہیں۔ انہیں پھل کھانے کا عادی بنائیں‘سبزیاں کھانے کی ترغیب دیتی جائیں۔ترش اور میٹھے انار کا مشروب بچوں کو پلایا جائے اس سے بھوک کھلتی ہے۔ کھانا کھانے سے قبل10تا15منٹ ٹہلنے سے ہاتھ اور منہ اچھی طرح دھو کر کھانے سے بھوک کھل کر لگتی ہے۔پپائی‘آڑو‘جامن‘ جام اور بیر‘بچوں کو روزآنہ کھانے کیلئے دیں اس سے بھوک میں اضافہ ہوتا ہے۔