لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہاہے کہ صنعت و تجارت، توانائی، زراعت و تعمیرات و مواصلات اور لائیوسٹاک سمیت 20 محکمے دبئی ایکسپو میں مختلف اوقات میں حصہ لیں گے اور اس اہم ایونٹ کے ذریعے ملک کے سافٹ امیج اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کو اجاگر کیاجائے گا ،پنجاب حکومت نیوسٹارٹ اپ کے طور پر رجسٹرڈ ہونے والے 25 ہنر مند نوجوانوں کو اپنے اخراجات پر دوبئی ایکسپو بھجوا رہی ہے اوریہ باصلاحیت ہنر مند نوجوان اپنے آئیڈیاز دبئی ایکسپو میں شیئر کریں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ وزیراعلی ٰسردار عثمان بزدار پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام دبئی ایکسپومیں انوسٹرپورٹل کا افتتاح کریں گے ۔دبئی ایکسپو میں انٹرنیشنل بزنس کانفرنس کا بھی اہتمام کیاجائے گا ۔ سیمینارز، پینل ڈسکشنزاور دیگر ایونٹ منعقد کئے جائیں گے ۔ دبئی ایکسپوکو پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانے کے حوالے سے نتیجہ خیز بنایاجائے گا ۔