شارجہ ، دبئی(سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کو5وکٹوں سے شکست دینے میں کامیاب رہی جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو 8 وکٹوں سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔ گرین شرٹس اور کیویز کے میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا سکی ۔ نیوزی لینڈ کی اننگز میں ڈیون کانوے اور ڈیرل مچل نے 27،27 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان کین ولیمسن 25 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے ۔ پاکستان کی طرف سے بائولنگ کرتے ہوئے مین آف دی میچ حارث رئوف نے چار، شاہین آفریدی، عماد وسیم اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں پاکستان نے ہدف18.4 اوورز میں حاصل کر لیا ۔ پاکستان کے محمد رضوان سب سے زیادہ 33 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے ۔ شعیب ملک اور آصف علی 27،27رنز بنا نے میں کامیاب رہے ۔ بابر اعظم9فخر زمان ، محمد حفیظ اور عماد وسیم نے 11،11 رنز بنائے حارث رئوف کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔ اس سے قبل میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف 8 وکٹوں سے کامیاب رہی ۔ ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں پر 143 رنز بنائے ۔ ایون لوئس 56 رنز بنانے میں کامیاب رہے ۔ جواب میں جنوبی افریقہ نے ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 18.2 اوور میں حاصل کر لیا ۔ ایڈن مارکرم 51 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔ ایرچ نورجے کو 4 اوورز میں 14 رنز کے عوض 1 وکٹ حاصل کرنے پر مین آف دی میچ دیا گیا ۔