لاہور /اسلام آباد/مظفر آباد/بالا کوٹ( اپنے سٹاف رپورٹر سے ،وقائع نگار ،نیوز ایجنسیاں )8 اکتوبر 2005 کے ہولناک زلزلے کی 14 ویں برسی گزشتہ روز آزاد کشمیر ،بالاکوٹ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی جبکہ قومی و صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے 8 اکتوبر آفات سے آگاہی کے قومی دن کے طور پر منایا،جس کے لئے واکس ،سیمینارز اور تقریبات کا اہتمام کیا گی،آغاز سائرن بجا کرکیا گیا بعدازاں ایک منٹ کی خاموشی اختیار گئی ، مظفرآباد میں مرکزی تقریب یونیورسٹی گراؤنڈ میں ہوئی ، وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حید رخان ،ڈاکٹر فاروق ستار،وزرا ،سیکرٹریز ،سربراہان محکمہ جات، شہدا کے لواحقین ، شہریوں اور طلبا وطالبات نے شرکت کی ۔راجہ فاروق حیدر نے شہدائے زلزلہ کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی ، فاتحہ خوانی کرائی ،بالاکوٹ شہرمیں تمام تجارتی مراکز بندرہے ۔زلزلے کے 14 سال گزرنے کے باوجود کئی خاندان تاحال خستہ حال شیلٹروں میں زندگی بسرکرنے پر مجبورہیں، 2005 کے زلزلہ میں بالاکوٹ کا 95 فیصد انفراسٹرکچر تباہ اورہزاروں افراد ملبے تلے دب کر زندگی کی بازی ہارگئے تھے ۔ادھر لاہور میں پراونشل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے زیر انتظام گزشتہ روز ناصر باغ تا ٹاؤن ہال مرکزی آگاہی واک نکالی گئی۔ریسکیو 1122،سول ڈیفنس، آفات سے نمٹنے کے دیگر اداروں کے اہلکاروں نے واک اور فلیگ مارچ میں حصہ لیا۔آگاہی کے لئے پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے ۔ڈی سی لاہور اصغر جوئیہ نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈے کے موقع پر یہ پیغام دینا ہے کہ سول ڈیفنس کے رضاکار کسی بھی ناگہانی صورت سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل محمد افضل نے آزاد کشمیر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہفتے سے زلزلہ متاثرین کو امداد کی فراہمی شروع ہوجائے گی، زلزلے کے بعد سے ایدھی فاؤنڈیشن شانہ بشانہ کام کر رہی ہے ۔آخری متاثر کی آباد کاری تک این ڈی ایم اے عوام کے ساتھ ہے ۔