اسلام آباد، واشنگٹن (خصوصی نیوز رپورٹر، نیٹ نیوز)بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے رواں مالی سال 2021ء کو پاکستانی معیشت کی بحالی کا سال قرار دیدیا ،تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے ملکوں کے پالیسی اقدامات کے عنوان سے رپورٹ میں کہاکہ مالی سال 2021ء میں معاشی بحالی کے باعث پاکستان کی معیشت میں بتدریج بہتری کا امکان ہے ۔رپورٹ میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے حکومتی اقدامات کو اجاگر کیاگیا۔ وفاقی حکومت نے اپریل کے وسط سے صوبوں کے ساتھ روابط کے ذریعے لاک ڈائون میں بتدریج نرمی کرتے ہوئے ایسی صنعتوں کو اپنی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دی جہاں کورونا کے پھیلاو کا خدشہ کم تھا، اسی طرح چھوٹی دکانوں کو بھی نئے ایس او پیز پر عملدرآمد کے ساتھ دوبارہ کھولنے کی اجازت دی گئی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے 24 مارچ کو 12 سو ارب روپے کے امدادی پیکیج کا اعلان کیا جس پر اب عملدرآمد کیا جارہا ہے اور مالی سال 21-2020 میں جاری رکھا جائے گا۔اس کے علاوہ اندرون ملک پروازوں ، ٹرین کی خدمات اور بین الاقوامی پروازوں کی بحالی سے اندرون ملک اور بیرون ملک نقل و حرکت پر عائد پابندیاں بھی ہٹا دی گئی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کے اختتام پر دکانوں کی بندش اور کورونا وائرس کے پھیلاو کے حوالے سے انتہائی حساس علاقوں کو سیل کرنے کے ذریعے سمارٹ لاک ڈاون برقرار ہے ۔رپورٹ میں کوروناوائرس کی وبا کے معاشی اثرات میں کمی لانے کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اہم اقدامات کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے بحران کے آغاز سے صوبائی حکومتیں موثر مالیاتی اقدامات پر عملدرآمد کررہی ہیں جن میں کم آمدن گھرانوں کے لئے نقد گرانٹ، ٹیکس میں سہولت کی فراہمی اور صحت کے شعبے میں اضافی اخراجات شامل ہیں۔ تعلیمی اداروں میں 15 جولائی سے دوبارہ کام شروع کیا جائے گا۔وفاقی حکومت کے اہم اقدامات میں ہنگامی صحت کے سامان پر درآمدی ڈیوٹی کا خاتمہ، 62 لاکھ یومیہ اجرت کمانے والے مزدوروں کو نقد رقم کی منتقلی، ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد کم آمدنی والے خاندانوں میں نقد رقم کی منتقلی، برآمدی صنعت کے لیے ٹیکس ریفنڈز میں تیزی جس میں سے 65 فیصد پہلے ہی تقسیم کیے جاچکے ہیں، اس کے علاوہ ایس ایم ایز اور زراعت کے شعبے کو مالی اعانت فراہم کیا جانا شامل ہے ۔رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ اقتصادی پیکیج میں گندم کی تیزی سے خریداری، صحت اور خوراک کی فراہمی کے لیے معاونت، ہنگامی صورتحال کا فنڈ اور کورونا وائرس سے متعلق سازو سامان کی خریداری کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کو وسائل کی منتقلی بھی شامل ہے ۔