بلوچستان کے دو علاقوں مچھ اور کیچ میں دہشت گردی کے دو مختلف مقامات میں 7سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔ قومی رہنمائوںاور سیاستدانوں نے ان حملوں کی مذمت کی ہے۔ بلا شبہ یہ حملے پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کے خلاف گھنائونی سازش ہیں۔ دہشتگردی کی یہ کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ اس میں شبہ نہیں کہ پاکستان دشمنوں نے بلوچستان کو اپنی مذموم کارروائیوں کا ٹارگٹ بنایا ہوا ہے ۔دس دن کے بعد ہی دہشتگردی کی دوسری بڑی کارروائی سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ملک دشمن کارندوں نے بلوچستان کے اندر اپنے ٹھکانے بنا رکھے ہیں اور بھارت اور افغانستان میں موجود پاکستان دشمن عناصر سے انہیںدہشت گردی کے لئے مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ ایف سی کے جوانوں نے دشمن کی ان مذموم سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کریہ ثابت کر دیا ہے کہ وطن عزیز کی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کی ہر ممکن حفاظت کی جائے گی اور آخری دہشت گرد کی موجودگی تک ان کا تعاقب جاری رہے گا۔ قوم کواپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ضرورت اس امر کی کہ بلوچستان میں موجود ملک دشمن قوتوں کے ٹھکانوںکا پتہ چلایا جائے اور ان کے خلاف بھر پور آپریشن کیا جائے تاکہ دہشت گردوں کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملایا جا سکے۔