کراچی(کامرس رپورٹر )ڈالر پاکستان میں مزید مہنگا ہوگیا جبکہ سٹاک مارکیٹ پر مندی کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں 35پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید167.15 سے بڑھ کر167.50 اور قیمت فروخت167.25سے بڑھ کر167.60روپے پر ہوگئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں80پیسے کے نمایاں اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 167.60 سے بڑھ کر168.20اور قیمت فروخت167.80 سے بڑھ کر168.60روپے پر جا پہنچی ہے ۔ادھر نئی سرمایہ کاری نہ ہونے اور سرمائے کے انخلاسے سٹاک مارکیٹ تنزلی کا شکار ہے ۔گزشتہ روزکے ایس ای100انڈیکس 188.56پوائنٹس کمی سے سے گھٹ کر46729.96پوائنٹس ہو گیا۔ مارکیٹ کے سرمائے میں27ارب 33کروڑ 19لاکھ62ہزار967روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ،جس سرمائے کا مجموعی حجم سکڑکر82کھرب 18ارب2کروڑ35لاکھ4ہزار166روپے ہو گیا۔اس دوران 42کروڑ37لاکھ57ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ 71.73فیصد حصص کی قیمتیں کم ہوگئیں۔مجموعی طور پر520کمپنیوں کا کاروبار ہوا ۔علاوہ ازیں منگل کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں400روپے کمی سے ایک تولہ سونے کی قیمت1لاکھ12ہزار روپے اور دس گرام سونے کی قیمت343روپے کمی سے 96ہزار22روپے ہو گئی۔