اسلام آباد، جہلم (خصوصی نیوز رپورٹر، نمائندہ 92نیوز) وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ مریم اور بلاول ابو بچاؤتحریک پر نکلے ہوئے ہیں ، ایک کے والد 300 ارب اور دوسرے کے 500 ارب کھا گئے ، دونوں ہونہاربچوں نے فیصلہ کیا کہ ابوؤں کے پیسے ان کی رہائی پر لگانے ہیں، شریف اور زرداری خاندانوں کا حال کی طرح مستقبل بھی تاریک ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جہلم میںشجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ پہلی ماحول دوست حکومت ہے ، گزشتہ حکومتوں نے درختوں کو کرپشن کی نذر کر دیا ،چھانگا مانگا اورمیانوالی کے جنگلات پر قبضے کیے گئے ، نواز شریف اور زرداری نے کوئی شعبہ نہیں چھوڑا جہاں کرپشن نہ کی ہو ، اب مستقبل کے 2لیڈرمریم نواز اور بلاول بھٹو سامنے آئے ہیں ، دونوں کی سیاست اور تحریک مستقبل میں بھی اتنی ہی تاریک ہوگی جتنی حال میں ہے ، دونوں کی سیاست ابو بچائو تحریک ہے ۔انہوں نے مزید کہا محمد بن سلیمان کے بعد اب ملائیشیا کے وزیراعظم پاکستان آئے ہیں، طویل عرصے کے بعد پاکستان میںعالمی لیڈرز آ رہے ہیں، ہم نے اپنی پالیسز کویکسر تبدیل کر دیا ،پاکستان میں تمام اداروں ایک پیچ پر ہیں اور اپنے مفاد میں شدت پسندوں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کیا جارہا ہے ، ملک کا مستقبل روشن اور محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔ فواد چودھری نے کہا سمجھوتہ ایکسپریس کیس کے تمام مجرموںکو بری کرنا انصاف کا قتل ہے ،بھارتی عدالتی نظام دہشتگردوں کیلئے ڈرائی کلین مشین بن گیا، بھارتی حکومت کے منصوبے انتہا پسندی کو ہوا دے رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر فواد چودھری کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ، ڈی پی او جہلم کیپٹن(ر) سید حماد عابد، سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر وقار، چیف کنزرویٹر فارسٹ ڈویژن راولپنڈی اطہر شاہ کھگھا اور دیگر افسران نے پودے لگائے ۔