اسلام آباد ، لاہور ( خبر نگار خصوصی، نیوزایجنسیاں)آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو3 سال مکمل ہو گئے ،27 فروری2019 ء کو پاکستان کے جری ہوابازوں نے بھارت کے نام نہاد سورمائوں کو چھٹی کا دودھ یاد دلا کر پھر تاریخ رقم کر دی تھی، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دو بھارتی طیاروں کو تباہ کیا تھا جبکہ پائلٹ ابھی نندن گرفتار کر لیا گیا تھا، اسے چائے پلا ئی گئی جو ’’فنٹاسٹک ٹی‘‘ کے نام سے مشہور ہوئی۔ بعد ازاں ابھی نندن کو جذبہ خیر سگالی کے تحت چھوڑ دیا گیاتھا۔بھارتی ونگ کمانڈر کی وردی، طیارے کی باقیات اور چائے کا کپ پی اے ایف میوزیم کراچی کی آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ گیلری میں محفوظ ہیں،گیلری کی ایک دیوار پر ابھی نندن کا طیارہ مارگرانے والے ونگ کمانڈر نعمان علی ، دوسرا جہازتباہ کرنے والے سکوارڈن لیڈرحسن صدیقی جبکہ بھارت کیخلاف اہم مشن میں شامل گروپ کیپٹن فہیم خان کی تصاویر آویزاں ہیں۔ پاک فضائیہ نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں حصہ لینے والے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ملی نغمہ جاری کردیا۔پاک فضائیہ کے بیان میں کہا گیایہ ترانہ پاک فضائیہ کے ان سپوتوں کی جرات و بہادری کو خراجِ تحسین ہے جنہوں نے دشمن کیساتھ 2019 میں پیش آنے والے فضائی معرکے میں بہادری کی نئی داستان رقم کی اور ملک وقوم کا وقار بلند کیا۔یہ ملی نغمہ مایہ ناز گلوکار ساحر علی بگا نے گایا جبکہ اسکی عکسبندی معروف ہدایت کار زوہیب قاضی نے کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آرنے ٹوئٹرپر جاری پیغام میں کہا آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو تین سال مکمل ہوگئے ، آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں پاکستان نے بھارت کی ناکام جارحیت کا بھرپور جواب دیاتھا، پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کے دو جنگی طیارے مار گرانا بڑی کامیابی تھی، پاک بحریہ نے سمندر میں بھارتی آبدوز کاسراغ لگایا، پاک فوج نے کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کا پیشہ ورانہ انداز میں موثر جواب دیا، مسلح افواج مادر وطن کے دفاع کیلئے پر عزم ہیں، قوم کا عزم اورمسلح افواج کی پیشہ ورانہ تیاری مشکل میں کامیابی کی کلیدہے ، جارحیت کے جواب میں صرف ہتھیار اور تعداد نہیں بلکہ قوم کا عزم اورمسلح افواج کی آپریشنل تیاریاں کامیاب رہتی ہیں۔دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق ہماری بہادر افواج نے پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزری کی کوشش کو بروقت موثر کارروائی سے ناکام بنادیا، پاکستان نے نہ صرف اپنی خودمختاری کا پختہ عزم اور ثابت قدمی سے تحفظ کیا بلکہ انتہائی ضبط وتحمل کا بھی مظاہرہ کیا،پاکستان خطے میں امن واستحکام کا داعی ہے ، امن کیلئے ہماری خواہش بیک وقت اپنے دفاع کے پختہ عزم اوربھرپور صلاحیت کی امین ہے ۔ 27 فروری بھارت کیلئے سبق ہے اس کے ہرجنگی جنون کا بھرپور اور نپا تلا جواب دیا جائے گا۔ بھارت کو مستقبل میں ایسی کسی بھی مہم جوئی سے باز رہنا ہوگا۔وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پرپیغام میں کہا میں تنازعات کے حل کیلئے ہمیشہ ڈائیلاگ اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہوں، مذاکرات کو کبھی بھی کمزوری کی علامت نہیں سمجھنا چاہئے ، ہم نے 27 فروری 2019 کو بھارت کو اس کا عملی مظاہرہ دکھایا، جب بھارت نے ہم پر حملہ کرنا چاہا، قوم کی حمایت یافتہ مسلح افواج ہر سطح پر جارحیت کاجواب دیں گی اور غالب آئیں گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا3سال پہلے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کا تاریخی معرکہ وقوع پذیر ہوا،میں خوش قسمت ہوں اس تمام فیصلہ سازی کے مرحلے کاحصہ رہا ،ہمارے جانبازوں نے جس طرح پاکستانیوں کا سر فخر سے اونچا کیاوہ تاریخ کاحصہ ہے ۔ وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہامسلح افواج نے 3سال قبل بھارت کو عبرتناک شکست سے دو چار کیا،یہ دن ہندوستان کبھی بھی نہیں بھولے گا،فضائیہ کے شاہینوں کی بروقت کارروائی نے ہندوستان کاغرور خاک میں ملا دیا۔ قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا27 فروری 2019 ء پاکستان کی تاریخ کا ناقابل فراموش لیکن قابل فخر دن ہے ،پاکستان نے دنیا کو پیغام دیا ہم سے جو ٹکرائے گا پاش پاش ہوجائے گا ،پاکستان کی افواج نے دنیا کو دکھایا ہماری امن پسندی ہماری کمزور ی نہیں ۔