اسلام آباد،راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر،92 نیوزرپورٹ،نیٹ نیوز،این این آئی)پاکستان اور چین کی اعلیٰ ترین فوجی قیادت نے دوطرفہ دفاعی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار اور سٹریٹجک شراکت داری بڑھانے پراتفاق کیاہے ۔دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون پربھی اطمینان کا اظہار کیاگیا۔پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے ایک اعلی سطحی وفد نے 10 جون سے 12 جون تک چین کا تین روزہ دورہ کرکے چینی اعلیٰ فوجی قیادت سے ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے اعلیٰ سطح کے فوجی وفدنے 9وفود کی سطح پر بھی ملاقاتیں کیں۔12جون کو ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی قیادت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی جبکہ چین کی جانب سے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن جنرل ژانگ یوشیا نے شرکت کی۔ملاقات میں پاک چین فوجی قیادت کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کیلئے رابطوں میں تسلسل سمیت تربیت، ٹیکنالوجی اور انسداد دہشتگردی کیلئے تعاون بڑھانے پراتفاق ہوا۔پاک چین فوجی قیادت نے عالمی وعلاقائی سکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔پاکستانی فوجی وفدچین کے دیگر سرکاری محکموں کے سینئرحکام سے بھی ملا۔این این آئی کے مطابق دونوں جانب سے باہمی دفاعی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ مشکل وقت میں اپنی سٹریٹجک شراکت داری کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر نقطہ نظر کا باقاعدہ تبادلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ واحد فوجی رہنما ہیں جنہوں نے چینی صدر کی دعوت پر چین کا ایک روزہ دورہ کیا، آرمی چیف کایہ دورہ پاک چین جوائنٹ ملٹری کوآپریشن کمیٹی کا حصہ ہے ، یہ کمیٹی فوجی تعاون میں اعلیٰ ترین ادارہ ہے ، اپیکس کمیٹی کے ارکان میں آرمی چیف اور وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن ہیں جبکہ دو ذیلی کمیٹیاں جوائنٹ کوآپریشن ملٹری امور اور مشترکہ تعاون فوجی ساز و سامان اور تربیت اس میں شامل ہیں۔وائس چیئرمین ملٹری کمیشن ژانگ یویاچینی صدرکے بعداعلی سطح کے عہدیداراورپاکستان کادورہ بھی کرچکے ہیں۔