لاہور،ملتان،اسلام آباد(جنرل رپورٹر،سپیشل رپورٹر،صباح نیوز)ملک کے کئی شہروں میں ڈینگی کے سنگین وار جاری ہیں ۔پنجاب میں ڈینگی کے باعث مزید2شہری جاں بحق ہوگئے ،صوبہ بھر میں ڈینگی کے مزید552مصدقہ مریض رپورٹ ہوئے جن میں سے 385لاہور سے سامنے آئے ۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب عمران سکندر بلوچ کے مطابق گزشتہ روز ڈینگی کے راولپنڈی سے 70،فیصل آباد اور ملتان سے 10دس، گوجرانوالہ سے 8،شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب سے 7سات، سرگودھا اور بہاولپور سے 6چھ، مظفرگڑھ سے 5جبکہ لیہ اور اوکاڑہ سے 4چارمریض رپورٹ ہوئے ۔ ڈینگی سے جاں بحق ہونیوالے دونوں ا فراد کا تعلق لاہور سے ہے ۔صوبہ میں ابتک ڈینگی بخار کے باعث45اموات ہو چکی ہیں۔ رواں سال پنجاب بھر سے ابتک ڈینگی کے 14110جبکہ لاہور سے 10506کنفرم کیس سامنے آچکے ۔صوبہ کے ہسپتالوں میں2488ڈینگی مریض زیرعلاج ہیں جبکہ لاہور کے ہسپتالوں میں1633ڈینگی مریض داخل ہیں۔ پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی متاثرین کیلئے 5191 بستر مختص ہیں۔ڈینگی کے مریضوں کی آسانی کیلئے لاہورکے ٹیچنگ ہسپتالوں میں بھی بستروں کی تعدادمیں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے ۔گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں1439مقامات اور لاہور میں1015مقامات سے ڈینگی مچھر کا لاروا تلف کیا ۔ڈینگی بخار سے لاہور میں بگڑتی صورتحال کے باعث سروسز ہسپتال میں بھی ایک بیڈ پر کئی مریض موجود ہیں۔سروسز ہسپتال میں ڈینگی کے علاج کی پرچی بنوانے کیلئے لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں جبکہ ایمرجنسی میں کورونا وائرس اور ڈینگی بخار کے مریض ایک ساتھ لیٹائے جارہے ہیں ۔ڈینگی کے مریضوں کیلئے مختص بیڈز ختم ہو گئے اور ڈینگی ٹیسٹ سی بی سی کرانے کیلئے بھی مریضوں کے لواحقین دربدر اور لمبی لائنوں پر لگنے پر مجبور ہیں۔ڈینگی مریضوں کیلئے وارڈ کے بجائے کوریڈور میں بیڈز لگا دیئے گئے ہیں۔میڈیکل یونٹ 4 کے کوریڈور میں مریضوں کو ڈرپس لگا کر لٹایا گیا ہے ۔ ہسپتال ایمرجنسی اور وارڈز میں مریضوں کیلئے جگہ ختم، داخلہ کے بعد ڈاکٹرز مریضوں کا علاج کرسیوں اور بینچز پر کرنے پر مجبور ہیں ۔وارڈ ز میں مریضوں کا فرش پر علاج جاری کیا جا رہا ہے ۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرزعیم ضیا کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی وائرس سے ایک اور شخص انتقال کر گیا جبکہ مزید 102 افراد بیمار ہوگئے ۔ اسلام آباد میں رواں سال ڈینگی سے جاں بحق افرادکی تعداد 13 ہو گئی جبکہ بیمار افراد کی کل تعداد3597ہو گئی۔ ادھر نشتر ہسپتال ملتان میں مزید 6مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو گئی ۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشداچانک بینظیربھٹوہسپتال راولپنڈی پہنچ گئیں اورطبی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ وائس چانسلرراولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرعمربھی فوراًموقع پرپہنچ گئے ۔یاسمین راشدنے ڈینگی وارڈکادورہ کرکے مریضوں کی عیادت کی، مریضوں نے طبی سہولیات پر اطمینان کااظہارکیا۔