اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) تنظیمات اہلسنت پاکستان نے آزادی مارچ کو ملکی سلامتی کیخلاف قرار دیتے ہوئے اس کی مخالفت کردی۔علما نے پریس کانفرنس کے دوران 25 اہلسنت جماعتوںاور ان کے مدارس اور مساجد نے آزادی مارچ سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے ۔علما نے کہاکہ 27 اکتوبر کو پاکستان بنانے والے علما مشائخ کشمیری بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرینگے ۔اہلسنت علما کا موقف ہے کہ پاکستان کی داخلی اور خارجی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں اور اس وجہ سے آزادی مارچ کی گنجائش نہیں۔اس موقع پر صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ 26 اکتوبر کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ’’استحکام پاکستان‘‘ کا اعلان کیا جائیگا۔مولانا فضل الرحمٰن کے آزادی مارچ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نازک مرحلے پر مارچ سے انتشار اور فرقہ واریت پھیلے گی۔ مدارس اہلسنت سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہونگے اور قطعاً آزادی مارچ کا حصہ نہیں بنیں گے ۔ مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی میاں جلیل احمد شرقپوری اور پیر معصوم نقوی بھی پریس کانفرنس میں شامل تھے ۔