اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 25 فیصد پاکستانی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں، کورونا وائرس کے معاشی مضمرات سے نمٹنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے بدھ کو کینیڈا کی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی کرینہ گولڈ سے ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ کیا۔ دونوں کے مابین دوطرفہ تعلقات، کورونا کی صورتحال اور اس کے معاشی مضمرات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا عالمی وبائی چیلنج سے نبرد آزما ترقی پذیر ممالک کی ابتر معاشی حالت کو پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کیلئے ڈیٹ ریلیف کی فراہمی کی تجویز دی ہے ۔ ہمیں خوشی ہے کہ جی 20 اور دیگر اہم فورمز پر اس تجویز کو نہ صرف زیر بحث لایا گیا بلکہ عملی اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں تاہم اس چیلنج کی نوعیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ اقدامات ناکافی ہے ۔ توقع ہے کہ کینیڈا اس تجویز کو بہتر انداز میں آگے بڑھانے میں مدد کرے گا۔ کینیڈین وزیر نے ڈیٹ ریلیف تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ کو ہم اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔ وزیر خارجہ نے انہیں مقبوضہ جکشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کشی سے بھی آگاہ کیا ۔دریں اثناء جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیرنے وزیر خارجہ سے ٹیلیفون پر بات کی اور شام میں حضرت عمر بن عبدالعزیز ؒ اور ان کی اہلیہ کے مزارات کی بے حرمتی سے متعلق تشویش سے آگا ہ کیا ۔