لاہور( پ ر )پیپلز پارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر و ترجمان سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ 25جولائی کو ہر پاکستانی یوم سیاہ منائے گا، پاکستان میں گزشتہ سال 25جولائی کو مینڈیٹ چوری ہوااور عوام کے ووٹ کی عزت نہ کی گئی ، عوام نے پیپلزپارٹی کوووٹ دئیے لیکن یہ ووٹ چوری ہوگئے انہوں نے کہاکہ اس سال 25جولائی کو اس دھاندلی کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ، تحریک انصاف کی حکومت ایک سال میں عوام کے لئے کچھ نہیں کرسکی ، عجیب حکومتی اقدامات سے اس ایک سال میں عوام سخت پریشان ہوگئے ہیں اور وہ اس حکومت سے نجات چاہتے ہیں، انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی جمہوری جماعت ہے اور یہ چاہتی ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے لیکن حکمران خود پریشان ہیں،مہنگائی اورلاقانونیت نے ملک کا نظام درہم برہم کردیا ہے ، یہ حکومت اپنی ساکھ کھوچکی ہے ، تحریک انصاف کے کارکنان بھی اپنی قیادت سے نالاں ہیں اور اپنی قیادت پر تنقید کررہے ہیں، عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے تحریک انصاف نے جو وعدے کئے ان میں سے ایک بھی پورا نہ ہوسکا۔