وزیر اعظم عمران خان کی سیاحت کو فروغ دینے کی پالیسی کے تحت سرکاری اداروں کی جانب سے اپنے ریسٹ ہائوسز عوام کے لئے کھولنے کے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ پاکستان بہت سے رنگوں کا گھر ہے جس میں ریگستانی‘ سرسبز و شاداب علاقے‘ میدان‘ پہاڑ ‘ جنگلات سرد و گرم علاقے‘ خوبصورت جھیلیں اور کئی عجائبات شامل ہیں۔ 1970ء میں پاکستان میں سیاحت کو سب سے زیادہ فروغ ملا بعدازاں مہنگائی ‘حالات کی خرابی اور دہشت گردی جیسے ناسور کے خوف سے سیاحوں نے پاکستان کا رخ کرنا چھوڑ دیا لیکن موجودہ حکومت نے سیاحت کو فروغ دینے کا پھر سے عزم کیا ہے اس سلسلے میں مذہبی سیاحت کے لئے کرتار پور کو کھولا جا رہا ہے جبکہ اپنے شہریوں کو بھی آسان سہولتیں فراہم کرنے کے لئے سرکاری اداروں کے ریسٹ ہائوسز کو کھولنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جو خوش آئند ہے۔ دنیا کے معتبر فوربز میگزین نے 2019ء میں جن 10بہترین سیاحتی ملکوں کی فہرست جاری کی ہے ان میں پاکستان کا بھی نام ہے‘ سیاحت کے پیش نظر ہی پاکستان نے اپنی ویزہ پالیسی میں تبدیلی لاتے ہوئے 50ممالک کے شہریوں کو ’’آن آرائیول‘‘ ویزہ دینے جبکہ 175ملکوں کے شہریوں کو پاکستانی ویزے کے لئے آن لائن اپلائی کرنے کی اجازت دی ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ غیر ملکیوں کو سیاحت کے لئے راغب کرنے کا سلسلہ شروع کیا جائے ‘اوورسیز پاکستانیوں کو بھی ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے تاکہ غیر ملکیوں کو پاکستانی عجائبات سے آگاہ کیا جا سکے۔