غلام سجاد

جس طرح سے ہمارے ہاں ہالی وڈ فلمیں شوق سے دیکھی جاتی ہیں اسی طرح ہالی وڈ کا میوزک بھی پورے شوق سے سنا جاتا ہے۔لیڈی گاگا سے لے کر میڈونا تک اور ریانا سے لے کر کیٹی پیری تک تقریباً سبھی فیمیل سنگرز ہمارے ہاں شوق سے سنی جاتی ہیں۔ہالی وڈ کی فیمیل اداکاروں کی طرح فیمیل سنگرز نے بھی کئی انٹرنیشنل ایوارڈ اپنے نام کرنے کے علاوہ ریکارڈز کمائی بھی کی ہے جس بنا پر فوربز میگزین نے سب سے زیادہ کمائی کرنے والوں میںان کے نام شامل کیے ہیں۔یہی نہیں ان فیمیل سنگرز نے کئی ریکارڈ بنا کرگنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی اپنا نام درج کرایا ہے۔آئیے آپ کو ہالی وڈ کی چند نمایاں فیمیل سنگرز سے ملواتے ہیں۔

 

لیڈی گاگا

لیڈی گاگا کا اصل نام سٹیفنی جونی انجلینا جرمانوٹا ہے۔وہ 28مارچ1968کوپیدا ہوئی۔پیشے کے لحاظ سے تو وہ ایک سنگر ہیں مگر شہرت کئی حوالوں سے رکھتی ہیں۔وہ ایک امریکی گلوکارہ، موسیقار اور ریکارڈ ساز ہیں۔ لیڈی گاگا کا نام انہوں نے راک بینڈ کوئین کے 'ریڈیو گاگا' نامی گانے سے حاصل کیا۔لیڈی گاگا نے مختلف گریمی اور برِٹ ایوارڈ کے علاوہ کئی ایوارڈ اپنے نام کررکھے ہیں۔ ان کا موسیقی ڈیوِڈ بوئی، مائیکل جیکسن، میڈونا اور کوئین سے متاثر ہے اور وہ اپنے فیشن، کارکردگی اور میوزک ویڈیو کے رنگارنگ اور بھڑکیلے طرز کے حوالے سے معروف ہیں۔لیڈی گاگا نے چاربرس کی عمر میں پیانو سیکھنا شروع کیااور تیرہ برس کی عمر تک وہ ایک باقاعدہ گلوکارہ بن چکی تھیں۔2011میں لیڈی گاگا کا البم ’’بیانڈ دِس وے‘‘مارکیٹ میں آیا اور چھا گیا۔اس البم کی ایک ملین سے زیادہ کاپیاںلانچنگ کے پہلے ہفتے میں فروخت ہوئی تھیں۔اس البم کا ٹائٹل سانگ ’’آئی ٹیون اسٹور‘‘پر ڈائون لوڈ ہونے والا پہلے ہفتے کا سب سے زیادہ گانا قرار پایا۔2016تک کے ریکارڈز کے مطابق لیڈی گاگا نے دوسرے ساتھیوں کے ساتھ گائے ہوئے 27ملین البم اور اکیلے 146ملین البم فروخت کیے ہیں یوں وہ دنیا کی بہترین سیلنگ میوزک آرٹسٹ میں شمار ہونے لگ گئیں۔ان کی کئی کامیابیاں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل ہیں۔

 

ریانا

ریانا کا اصل نام رابین ریانا فینٹی ہے۔وہ 20فروری1988کو پیداہوئیں۔ انہوں نے اپنا موسیقی میں کام 2005 سے شروع کیا۔ ریانا نے پانچ سٹوڈیو البم اور ایک ڈی وی ڈی ریلیز کی ہے۔ریانا نے متعدد انعام حاصل کئے۔ جن میں پانچ امریکی میوزک ایوارڈ، اٹھارہ بلبورڈ میوزک ایوارڈ، دو برٹ ایوارڈ اور پانچ گریمی ایوارڈ شامل ہیں۔ 2012 میں امریکی رسالہ’ٹائم‘ نے اسے دنیا میں ایک متاثر ترین شخص قرار دیا۔ ریانا کو سب سے چوتھی طاقتور شخصیت بھی 2012 میں قرار دیا گیا۔ امریکی رسالہ فوربز کے مطابق مئی 2011 اور مئی 2012 کے درمیان انہوں نے 5 کروڑ 30 لاکھ امریکی ڈالر کی آمدنی کمائی۔ریانا 2005میں امریکہ شفٹ ہوئیں جب انہوں نے ’’ڈیف جیم ریکارڈنگز‘‘کے ساتھ پراجیکٹ سائن کیا۔2005میں ہی پہلی البم ’’میوزک آف دی سن‘‘اور اگلے برس ’’اے گرل لائیک می‘‘البم نے کمائی کے ریکارڈ توڑ دیے اور ریانا کو بھی شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا۔بعدازاں اس کے گانے ’’امبریلا‘‘نے اس کے لیے گریمی ایوارڈ جینے کا موقعہ آسان بنایا۔ٹاک دیٹ ٹاک،اونلی گرل ان دی ورلڈ،وٹس مائی نیم اور رووڈ بوائے جیسے سانگز نے ریانا کو شہرت کا بام عروج عطا کیا۔ریانا اب تک250ملین سے زائد البم فروخت کر کے بہترین سیلنگ آرٹسٹوںمیں شمار کی جاتی ہیں۔ریانا کے کھاتے میں کئی انٹرنیشنل ایوارڈز سمیت گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے اعزازات بھی درج ہیں۔ریانا کو دو مرتبیہ دنیا کی سو بااثر شخصیات میں بھی شامل کیا گیا ہے۔گزشتہ برس بارباڈوس حکومت نے اسے تعلیم ،سیاحت اور سرمایہ کاری کا سفیر بھی نامزد کیا ہے۔

 

میڈونا

امریکی پاپ گلوکارہ میڈونا 16 اگست 1958ء  میں  مشی گن میں پیداہوئیں۔اپنی فنی زندگی کے آغاز کے لیے میڈونا نے1977ء میں نیویارک کا رْخ کیا جہاں موسیقی کے گروپس’’ بریک فاسٹ‘‘ اور ’’ایمی‘‘ سے بطور گلوکارہ وابستہ ہوکر اپنی حیثیت منوانے میں کامیاب رہیں۔ 1983ء میں میڈونا نے اپنی گلوکار ی کا پہلا البم جاری کیا۔ میڈونا نے جدید موسیقی و گلوکاری کے کئی البم جاری کرکے اپنے مداحوں کے ذوق کو تسکین بخشی۔میڈونا نے ایک ڈرمر کے طور پر میوزک کی دنیا میں قدم رکھا،اس کے بعد گٹارسٹ اور وکلسٹ بن گئیں۔ تاہم1982میں انہوں نے ’’وری ریکارڈز‘‘کے ساتھ معاہدہ سائن کیااور پہلا اسٹوڈیو البم ’’اپونی مس‘‘ریلیز کیا۔ جس کے بعد،لائک اے وِرجن،ٹریو بلیو،لائک اے پریئر،میوزک، امریکن لائف اور ہارڈ کینڈی البمز نے میڈونا کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔میڈونا نے گلوکاری کے علاوہ کئی کام کیے،جیسا کہ بچوں کی کتابیں لکھنا،فیشن ڈیزائن انڈسٹری،صحت کلب،فلمسازی اور خیراتی ادارے بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔میڈونا نے اب تک300ملین سے زائد گانے ریکارڈ کیے ہیں۔انہیں بھی بیسٹ سیلنگ آرٹسٹ کا نام دیا گیا ہے۔گنیز بک ورلڈ ریکارڈ میں ان کا نام کئی بار شامل کیے جانے کے بعد انہیں دنیا کی سو بہترین اور زبردست گلوکاروںمیں نمایاں پوزیشن حاصل ہے۔ایک ریکارڈ کے مطابق امریکہ میں منعقدہ ان کے سولو کنسرٹ میں 1.4بلین ٹکٹس فروخت ہوئی تھیں۔گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق میڈونا، خواتین میں سب سے زیادہ مقبول ترین گلوکارہ ہے اور گزشتہ صدی کی پچیس طاقتور خواتین میں سے ایک ہیں۔

 

کیٹی پیری

کیٹی پیری کا اصل نام کیتھرین الزبیتھ ہڈسن ہے۔وہ 25 اکتوبر 1984 کو کیلی فورنیا میں پیدا ہوئیں۔ٹیلی وژن جج،سانگ رائٹر کے علاوہ ان کی پہچان مشہور گلوکارہ کی ہے۔کیٹی پیری بچپن سے ہی گلوکاری کی طرف متوجہ تھیں اور لڑکیپن میں باقاعدہ گائیکی کی طرف چل پڑی تھیں۔2001میں ’’ریڈ ہل ریکارڈز‘‘کے ساتھ معاہدہ کر کے اپنا پہلا البم ’’کیٹی ہڈسن ‘‘کے نام سے ریلیز کیا۔مگر ان کا یہ البم کامیاب نہیں ہو سکا تھا۔تاہم2008میں انہوں نے دوسرا البم’’ون آف دی بوائز‘‘ریکارڈ کیااور اس نے کیٹی پیری کو شہرت دلا دی۔تاہم اس البم میں موجود دو گانے ’’آئی کسڈ اے گرل‘‘اور ’’ہاٹ این کولڈ‘‘کی وجہ سے کیٹی پیری کے نام کے ساتھ ہم جنس پرستی کا تنازعہ چھڑ گیا۔ اس کے بعد کیٹی کا تیسرا البم ’’ٹین ایج ڈریم‘‘اتنا مقبول عام ہوا کہ اس نے ’’بل بورڈ ہاٹ 100‘‘میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔کیٹی پیری نے اپنے کیرئر میںمتعدد ایوارڈز جیتے ہیں۔گنیز بک ورلڈ ریکارڈ میں کئی بار نام لکھوانے کے علاوہ امریکن میوزک ایوارڈ،جونو ایوارڈ اور برٹ ایوارڈ بھی حاصل کر چکی ہیں۔فوربز میگزین انہیں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فیمیل گلوکاروںکی لسٹ میں بھی شامل کر چکا ہے۔کیٹی پیری اب تک 18ملین البم اور 125ملین سنگل سانگ گا چکی ہیں۔

 

ٹیلر سوفٹ

ٹیلر سوفٹ کا پورا نام ٹیلر الیسن سوفٹ ہے۔ٹیلر 13دسمبر1989کو پیدا ہوئیں۔وہ دنیا بھر کی مشہور گلوکارہ ہیں مگر گلوکاری میں ان کی وجہ شہرت اپنی ذاتی زندگی کو الفاظ میں پرو کر گانے کی وجہ سے زیادہ ہے۔ٹیلر پنسلوانیا میں پیدا ہوئیں اور وہیں پلی بڑھیں۔14برس کی عمر میں انہوں نے گلاکاری میں مستقبل بنانے کی خاطر تگ و دو کرنا شروع کی۔’’بگ مشین ریکارڈز‘‘کے ساتھ انوہں نے معاہدہ کیااور سونی ٹی وی کی کم عمر ترین فیمیل گلوکارہ بنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ 2006میں ان کا ڈبیو البم امریکہ بھر میں کمائی کے ریکارڈ قائم کر گیا۔اس البم کا تیسرا گانا’’آور سانگ‘‘ٹیلر نے خود لکھااور گایا،یوں وہ کم عمر ترین گلوکاروں کی لسٹ میں شامل ہو گئیں جن کا اپنا لکھا ہوا گانا ہٹ ہوا۔بعدازاں فیئرلیس،لواسٹوری اوریوبی لانگ ود می جیسے البم نے ٹیلر کو میوزک کی دنیا میں شہرت عطا کردی۔ٹیلر سوفٹ اب تک 50ملین البم اور 150ملین سولو سانگ گانے کا ریکارڈ قائم کر چکی ہیں۔انہیں بھی بیسٹ سلنگ آرٹسٹ آل دی ٹائم کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے اور ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ٹیلر سفٹ کو رواں برس بھی دنیا کی مہنگی اور مقبول ترین گلوکاروں کی لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔