کراچی ( کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک مارکیٹ شدیدمندی کی لپیٹ میں رہی۔کے ایس ای 100انڈیکس 601پوائنٹس گھٹ گیا جبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 92ارب سے زائد روپے ڈوب گئے ۔ مندی کی لہر سے 75.72فیصد حصص کی قیمتیں گھٹ گئیں۔ پیر کو کاروبار کے آغاز سے ہی مارکیٹ دباؤ کاشکار رہی اور سرمایہ کاروں نے منافع کی خاطر حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی۔ جس سے کے ایس ای100انڈیکس 601.01پوائنٹس کمی سے 47002.35پوائنٹس پرآگیا ۔مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں92 ارب62 کروڑ50لاکھ97ہزار425روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی اورسرمائے کا مجموعی حجم سکڑکر 82کھرب24ارب 1کروڑ16لاکھ 64ہزار838روپے ہو گیا ۔پیر کو 65کروڑ51لاکھ 22ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔دریں اثناانٹر بینک میں 55پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 157.55 سے بڑھ کر158.10 اور قیمت فروخت157.65 سے بڑھ کر 158.20 روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں50پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 157.70سے بڑھ کر158.10اور قیمت فروخت158 سے بڑھ کر158.50روپے ہو گئی۔علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت200روپے اضافہ سے 1لاکھ9ہزار500 جبکہ دس گرام سونے کی قیمت172روپے اضافے سے 93ہزار879روپے ہوگئی۔