Common frontend top

عوام کا غصہ جائز،سانحہ ساہیوال کے ذمہ داروں کو عبرتناک سزا دی جائیگی: وزیراعظم ;دوحہ میں قطری ہم منصب سے ملاقات

منگل 22 جنوری 2019ء





اسلام آباد، دو حہ(سپیشل رپورٹر، آن لائن، این این آئی، صباح نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے قوم کو یقین دلایا ہے کہ سانحہ ساہیوال کے مرتکب افراد کو عبرتناک سزا دی جائے گی، پنجاب پولیس کے پورے ڈھانچے کا ازسرنو جائزہ لیتے ہوئے اس کی اصلاح کا عمل شروع کیا جائے گا۔اپنے ٹویٹس میں وزیراعظم نے کہا ساہیوال کے واقعہ پر عوام کا غم و غصہ قابل فہم اور جائز ہے ۔ قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ قطر کے دورے سے واپسی پر مجرموں کو نہ صرف مثالی سزا دلوائیں گے بلکہ پنجاب پولیس کے نظام کو بہتر بنانے کے اصلاحات کا عمل شروع کیا جائے گا۔وزیر اعظم عمران خان نے وزرا کے بغیر تحقیقات کے بیانات دینے پر اور پنجاب پولیس سے اظہار ناراضی کیا اور پولیس کو ہدایت کی کہ پولیس ایسے اقدامات نہ کرے جس سے لاقانونیت کا پہلو اُجاگر ہو۔ ماضی میں محکمہ انسددا دہشتگردی نے دہشت گردی کے خلاف زبردست کارروائیاں کیں لیکن قانون سب سے بالاتر ہے ۔حکومت قانون کی حکمرانی اور شہریوں کا تحفظ چاہتی ہے ، کسی ادارے کے لاقانونیت پر مبنی قدم کا دفاع نہیں کرسکتے ۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان قطرکے 2روزہ دورے پردوحہ پہنچ گئے ہیں ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر پٹرولیم غلام سرور خان، وزیراعظم کے مشیر عبدالرازق داود، معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف اور چیئرمین ٹاسک فورس برائے توانائی ندیم بابر بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ قطر پہنچے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ساہیوال کے ذمہ داروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی، جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں اقدام کئے جائینگے ،نظام میں اصلاحات کریں گے تاکہ دوبارہ ایسا سانحہ پیش نہ آئے ، متاثرہ خاندانوں کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔ دورہ قطر انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،پاکستان تمام برادر مسلم ممالک کے درمیان مثالی تعلقات کا خواہاں ہے ۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم نے قطر کے وزیر اعظم عبداﷲ بن نصر بن خلیفہ الثانی سے دوحہ میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات خصوصا اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔ قطری وزیراعظم نے وزیراعظم پاکستان اور اراکین وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ دریں اثنا وزیراعظم عمران خان کا قطر دورے سے واپسی پر چودھری برادران سے ملاقات کا امکان ہے ، عمران خان ق لیگ کی قیادت سے ملاقات کر کے ان کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کریں گے ۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں