Common frontend top

فوادچودھری کا سینٹ میں داخلہ بند،کسی کو وزرا کی تضحیک کا حق نہیں :وزیراعظم

جمعه 16 نومبر 2018ء





اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،وقائع نگار خصوصی،سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے وزیر اطلاعات فواد چودھری پر سینٹ کے رواں سیشن میں داخلے پر پابندی لگا کررولنگ دی ہے کہ وزیر اطلاعات نے اپوزیشن ارکان کے خلاف ادا کئے جانے والے سخت الفاظ پر معذرت نہ کی تو وہ رواں سیشن کے باقی دنوں میں ایوان میں ان کے داخلے پر پابندی ہو گی،دوسری جانب متحدہ اپوزیشن نے فواد چودھری کے معافی نہ مانگنے تک پر ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کر نے کا اعلان کرتے ہوئے واک آئوٹ کیا۔جمعرات کو سینٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی صدارت میں شروع ہوا،اجلاس کے آغاز پر ہی اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ کل اجلاس کے دوران بہت زیادہ بدمزگی ہوئی جس کے نتیجے میں ہمیں واک آؤٹ کرنا پڑا ،آپ نے کل وزیر کا مائیک بند بھی کیا پھر بھی وہ لگے رہے ،جب تک معافی نہ مانگی جائے ، ایوان میں آنا بے کار ہے ،نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل خان بزنجو نے کہا جب تک یہ وزیر پورے ایوان سے معافی نہیں مانگے گا اپوزیشن ایوان میں نہیں بیٹھے گی،پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ اس وزیر نے سینٹ کے رکن کی بے عزتی کی ہے وہ کون ہوتے ہیں اس طرح بولنے والے ، وزیر ایسے ہوتے ہیں یہ آپ نے غنڈے پالے ہوئے ہیں ،عوامی نیشنل پارٹی کی سینٹر ستارہ ایاز نے کہا کہ کل چیئر مین کی بے عزتی ہوئی ،حکومت کو رویہ لچکدار رکھنا ہو گا ،پیپلز پارٹی کی سینٹر شیری رحمان نے کہا اگر وزیر ایوان کی حرمت کو پامال کریں گے تو ہم ایوان کا بائیکاٹ کریں گے ، اس طرح یہ ہائوس نہیں چل سکے گا ،ان کو معافی مانگنی چاہیے ،حکومت چلانا وزرا کی ذمہ داری ہے ،ہم نے ضیاالحق کے دور میں اس طرح کے تماشے نہیں دیکھے ،اس موقع پر قائد ایوان شبلی فراز نے کہا کہ مشاہد اﷲ اور فواد چودھری کے تقاریر کا ریکارڈ منگوایا جائے اور دونوں کا موازنہ کیا جائے ، ہمیں دل بڑا کرنا چاہیے لیکن ہمارے لیڈر کے بارے میں بھی باتیں کی جاتی ہیں، اس طرح کی بات پر اپوزیشن کیوں کھڑی نہیں ہوتی، اس موقع پر اپوزیشن نے ایوان سے واک آئوٹ کر دیا جبکہ سینٹر میر کبیر نے کورم کی نشاندہی کر دی۔ کورم پورا نہ ہونے کے باعث ایوان کی کارروائی 30منٹ کیلئے ملتوی کر دی گئی، بعد ازاں اپوزیشن کے واپس آنے پر ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی اور چیئرمین سینٹ نے رولنگ دیتے ہوئے فواد چودھری کی طرف سے معافی مانگے جانے تک جاری اجلاس میں ان کی شرکت پر پابندی لگا دی۔ادھر وزیر اعظم عمران خان نے بھی فواد چودھری کے خلاف چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی رولنگ کا نوٹس لے لیا ، باوثوق ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی پر تعجب اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو وزرا کی تضحیک کا حق نہیں ، ذرائع کے مطابق وزیر اطلاعات کی جانب سے کابینہ کے اجلاس میں بھی اس مسئلے کو اٹھایا گیا اور اس پر احتجاج کیا گیا ،انہوں نے کہا کہ اگر وزرا کو بولنے سے روکا جائے گا تو حکومت کا موقف ایوان میں کیسے پیش ہو گا ، جب اپوزیشن اراکین حکومت پر توہین آمیز انداز میں تنقید کر رہے تھے تو چیئرمین کی جانب سے انھیں کیوں نہیں روکا گیا ،چیئرمین سینٹ کی رولنگ پر وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی مشاورت کی گئی اور اس پر تشو یش کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر ضروری قرار دیا گیا ۔دریں اثنا وزیر دفاع پرویز خٹک نے وزیراعظم کی ہدایت پرچیئرمین سینٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی، سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق وزیردفاع پرویزخٹک وزیراعظم کا خصوصی پیغام لے کر آئے تھے ،ملاقات میں ایوان بالا کی کاروائی کو افہام وتفہیم سے چلانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، چیئرمین سینٹ کو وزیر دفاع نے وزیراعظم کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا جس پر چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔بعدازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا اگر چیئرمین سینٹ ایوان میں توازن نہیں لا سکتے تو پھر حکومت کو بھی سوچنا پڑے گا کہ ہماری اس سلسلے میں کیا حکمت عملی ہو گی،مشاہد اﷲ خان نے جس طرح سے وزیراعظم اور میرے حوالے سے بری زبان استعمال کی اس پر تو معافی نہیں ہونی چاہیے لیکن اگر ہم غریب عوام کے پیسے کے بارے میں بات کریں تو ہمیں معافی کا کہا جاتا ہے ، میرے بارے میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی رولنگ پر کابینہ مطمئن نہیں، پوری کابینہ نے اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ،ان کا کہنا تھا کہ کیا ہمیں اس بات پر معافی مانگ لینی چاہیے کہ عوام کا پیسا کہاں گیا، یہ پوچھنا واقعی معافی مانگنے کے لائق ہے کہ عوام کا پیسا کیسے خرچ ہوا؟فواد چودھری نے کہا کہ میں منتخب ہو کر آیا ہوں اور مجھے لاکھوں لوگوں نے ووٹ دئیے ہیں جب کہ چیئرمین سینٹ اس طرح منتخب ہو کر نہیں آئے ۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں