Common frontend top

مقبوضہ وادی: بھارتی بربریت جاری، مزید 4 کشمیری شہید، جھڑپ میں میجرسمیت 5 قابض فوجی ہلاک ؛ مذاکرات کا راستہ بند، اب کارروائی کا وقت ہے : مودی

منگل 19 فروری 2019ء





نئی دہلی، سری نگر، راولا کوٹ ( اے پی پی، این این آئی، آن لائن، صباح نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک، نیٹ نیوز ) بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے کہا ہے پلوامہ حملے کے ساتھ بات چیت کا باب ختم ہوگیا اب دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس اقدامات اور موثر کارروائی کا وقت ہے ۔ نئی دہلی میں ارجنٹائن کے صدر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مودی کا کہنا تھا دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لیے پوری دنیا کو متحد ہونا ہوگا، بات چیت کا وقت اب ختم ہوگیا ہے ۔ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی سے ہچکچانہ دہشت گردی کو فروغ دینے کے مترادف ہو گا، دہشت گردی کو جڑ سے ختم نہیں کیا گیا تو کوئی محفوظ نہیں رہے گا۔ اب ساری دنیا کو متحد ہو کر دہشت گردی اور اس کے حامیوں کے خلاف جامع قدم اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ کا ڈرامہ بے نقاب ہونے کے بعد بوکھلائی بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں کارروائیاں تیز کردی ہیں، سرچ آپریشن کی آڑ میں نہتے کشمیریوں پر بربریت کے پہاڑ توڑ جا رہے ہیں۔بھارتی فورسز نے پلوامہ میں علی الصبح نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران چار کشمیریوں کو شہید کر دیا، مقبوضہ کشمیر کے کئی علاقوں میں تاحال کرفیو نافذ ہے ، گھر گھر تلاشی کے نام پر شہریوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے اور مسلمان کشمیریوں کے کاروبار اور املاک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے ۔ وادی بھر میں چوتھے روز بھی کرفیو نافذ جبکہ علاقے میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی متاثر ہے ۔ دوسری طرف بھارتی میڈیا کے مطابق سیکورٹی فورسز نے پلوامہ میں سرچ آپریشن کے دوران ایک جھڑپ میں حملے کے ماسٹر مائنڈ عبد الرشید کی اپنے ایک ساتھی سمیت ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے ۔ جھڑپ میں بھارتی فوج کا ایک میجر اور چار اہلکار بھی ہلاک ہوئے ۔ ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت میجر ڈی ایس ڈونڈیل، ہیڈ کانسٹیبل سیو رام، آجے کمار اور ہری سنگھ کے ناموں سے کی گئی جبکہ گلزار د نامی فوجی واقعے میں شدید زخمی ہوا تھا تاہم اس نے ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مارے جانے والوں میں دیسی ساخت کے بم بنانے کا ماہر غازی رشید شامل ہے ۔ جھڑپ کے دوران ہی مقامی لوگوں نے جن میں نوجوان اکثریت میں تھے سڑکوں پر آکر بھارت مخالف مظاہرے کئے ۔ عینی شاہدین کے مطابق، پولیس اور نیم فوجی دستوں نے مظاہرین اور پتھرا وکرنے والے افراد کے خلاف طاقت کا استعمال کی۔ بھارت نے راولا کوٹ پونچھ میں بس سروس کو معطل کرنے کے ساتھ ساتھ اس روٹ پر تمام تجارتی سرگرمیوں کو بھی معطل کر دیا ہے ۔ مزید برآں چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے کہا ہے بھارت بغیر ثبوت پاکستان پر الزامات لگانے کا سلسلہ بند کرے اور دہشت گردوں کیخلاف موثر پالیسی اپنانے کے ساتھ ساتھ ان کی کارروائیوں سے متعلق اس کے پاس کوئی ٹھوس ثبوت ہیں تو وہ سامنے لائے ۔ چینی میڈیا نے کہا بھارت پاکستان کیخلاف ٹھوس ثبوت لانے میں ناکام رہا ہے ۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں