لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور عدم استحکام پیدا کرنے کی سازشیں کرنے والے عناصر کے عزائم پورے نہیں ہوں گے ، اداروں میں تصادم کی خواہش رکھنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی ہے ۔اپوزیشن کی سرگرمیوں کے ردعمل میں انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت نے بے پناہ محنت کیساتھ ملک کو درست سمت کی طرف گامزن کردیا ہے ۔ پاکستان کی ترقی کے لئے ہر ادارہ ایک صفحے پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں صرف کرپٹ ٹولے کا تحفظ چاہتی ہیں ،کرپشن بچانے کے لئے اکٹھی ہونے والی اپوزیشن جماعتوں کو پہلے بھی ناکامی ملی اور آئندہ بھی ان کے عزائم ناکام رہیں گے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ورلڈ کمپیوٹر لٹریسی ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب کے ہر شہری کوکمپیوپٹر لٹریٹ بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ، انفارمیشن ٹیکنالوجی وقت حاضرکی ناگزیر ضرورت ہے ۔دریں اثنا انہوں نے ہیڈ تونسہ کے قریب ٹریکٹر ٹرالی کے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیااور حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر حمزہ شیراز کو یورپی چیمپئن کا ٹائٹل جیتنے پر مبارکباددی ۔