BN

وزیراعلیٰ بزدار کیلئے نیا طیارہ ، وزرا کیلئے 46 گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

بدھ 13 اکتوبر 2021ء





لاہور( انورحسین سمرائ) وزیراعلیٰ پنجاب کے سرکاری استعمال کیلئے نیا ائیر کرافٹ ، بلٹ پروف گاڑی ، وزراء کے لئے بھی18کروڑ سے 46نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ، وزیراعلی ٰ کے استعمال کیلئے پہلے ہی 15بلٹ پرو ف و لگژری گاڑیاں اور ایک عدد ہیلی کاپٹر مختص ہے ، نئے ائیرکرافٹ کی متوقع قیمت 8ارب ہے جبکہ بلٹ پروف گاڑی کی قیمت 9کروڑ سے 12کروڑ ہے ، گاڑی خریدنے کیلئے سمری تیار کرلی گئی جبکہ ائیرکرافٹ کی خریداری کیلئے ہوم ورک مکمل کیا جاچکا ، وزرا کے پاس پہلے ہی 2018ماڈل نئی گاڑیاں استعمال میں ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے سکیورٹی صورتحال کے باعث وزیراعلیٰ کیلئے گزشتہ ادوار میں خریدی گئی بلٹ پروف پرا نی ہونے کی وجہ سے نئی بلٹ پروف گاڑی خریدنے کا فیصلہ کیا ۔ ایوان وزیر اعلیٰ کے سینئر اہلکار نے بتایا کہ دو قسم کی گاڑیوں کے درمیان سلیکشن ہوگی ، ایوان وزیر اعلیٰ کے حکم پر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے سمری تیار کی جس کو محکمہ داخلہ کو بھجوایا گیا تاکہ وہ گاڑی کی خریداری کیلئے جواز پیدا کرے ، ائیر کرافٹ کی خریداری کیلئے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی جائیگی اور منظوری کے بعدخریداری پراسس شروع ہوگا۔ ایوان وزیر اعلی ٰکی دستاویزات کے مطابق وزیر اعلی ٰ کے وی آئی پی پول میں مختلف برانڈ کی 16بلٹ پروف و لگژری گاڑیاں ہیں جن میں سے تین خراب ہیں، یہ گاڑیاں وزیراعلیٰ،فیملی کے استعمال میں ہیں ۔ان گاڑیوں میں سے 11بلٹ پروف و لگژری گاڑیاں 2015کے بعد وزیر اعلی ٰکے ٹرانسپورٹ فلیٹ کیلئے خریدی گئی تھی، وزراء کے لئے تاریخ میں پہلی دفعہ1800سی سی لگژری گاڑیاں خریدی جارہی ہیں ۔پنجاب حکومت کے سینئر اہلکار نے بتایا کہ کابینہ ممبران کیلئے نئی گاڑیوں کی بجائے ان کوسفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے مونٹائزیشن پالیسی متعارف کی جائے ۔ سینئر افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ روس سے خریدے گئے ہیلی کاپٹر کی اصل قیمت ایک ارب اور 40 کروڑ ہے باقی کے اخراجات اس کی ترسیل، ضروری ترامیم کسٹم کی مد میں ادا کئے گئے ۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے رابطہ کرنے پر کوئی جواب نہ دیا۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں