لاہور، آکلینڈ، سڈنی ، کراچی ( اپنے رپورٹر سے ، کرائم رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ، سٹاف رپورٹر) کچھ خوشیاں اور کچھ غم دے کر 2021 کا آخری سورج بھی الوداع کہہ گیا، آج کا سورج نئی امیدوں کے ساتھ طلوع ہوا ہے ،2021میں پر مسرت اور مشکل اوقات کا سامنا رہا،کورونا کے حملے جاری رہے مگر 2020 کی نسبت خوف کم ہوا۔ سال کے اوائل میں کورونا ویکسی نیشن کا سلسلہ شروع ہوا۔ مہنگائی کے حملے صورتیں بدل بدل کر تسلسل سے جاری رہے ۔ اہل لاہور نے نئے سال سے نئی امیدیں اور توقعات وابستہ کر لیں۔ لاہور میں کسی جگہ پر سال نو کے سلسلہ میں آتش بازی اور میوزیکل کنسرٹ کی اجازت نہ دی گئی ہے ۔ لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں نئے سال کا پرتپاک استقبال کیاگیا،سال نوکی خوشی،آتشبازی کاشاندارمظاہرہ کیاگیا۔ لاہورمیں شہریوں کی بڑی تعدادمال روڈپرنکل آئی۔ شہری ڈھول کی تھاپ پررقص کرتے رہے ۔ کئی مقامات پرآتشبازی کامظاہرہ کیاگیا۔لبرٹی چوک پربھی منچلوں نے خوب ہلہ گلہ کیا۔ فیصل آبادمیں ڈی گرائونڈ،ملتان میں گھنٹہ گھرچوک پرآتشبازی کی گئی،اسلام آبادمیں پارک ویو سٹی میں جشن،شہررنگ و نورمیں نہاگیا۔ کراچی کے مختلف مقامات پر ہوائی فائرنگ سے 10 افراد زخمی ہوگئے ۔ ضلعی انتظامیہ لاہور نے لاہور پولیس کے ساتھ مل کر ایم سی ایل، پولیس، ٹریفک پولیس کے ملازمین پر مشتمل 122 سے زائد ٹیمیں تشکیل دیں جو ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کے لئے متحرک رہیں۔ نیوزی لینڈ کی عوام نے سب سے پہلے نئے سال کو خوش آمدید کہا،12بجتے ہی سال نوکی خوشی میں آکلینڈ کا سکائی ٹاور رنگوں میں نہا گیا،آسٹریلیا میں سڈنی ہاربرپرآتشبازی کاشاندارمظاہرہ کیاگیا،عرب ممالک، برطانیہ سمیت یورپ بھر اور امریکہ میں بھی رنگا رنگ تقریبات منعقد کی گئیں۔ صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے نئے سال کی آمد پر قوم کو مبارکباد پیش کی اور کہا دعا ہے نیا سال ملک میں خوشحالی لائے ۔ شہبازشریف نے نئے سال پر اہل وطن کے لئے دعا کی اور کہا نوازشریف کی قیادت میں 2022 میں جناح کا پاکستان بنانے کی فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز کریں گے ۔قوم کو ان شااﷲ معاشی تباہی سے نجات دلائیں گے ۔ آصف زرداری نے نئے سال پر دعا کی کہ 2022ء عوام کے لئے خوشیوں اور خوشحالی کا سال ہو۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹ میں کہا امید ہے نیا سال سب کیلئے بہتر اور خوشی کا باعث ہوگا۔بختاور نے سال رفتہ کے یادگار لمحات ویڈیو کی صورت میں جاری کردئیے ۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے بھی قوم کو نئے سال کی مبارکباد دی ۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے اپنی قوم کو نئے سال کی مبارکباد دی اور پیغام دیا کہ اپنے اولین مقاصد کی تکمیل کیلئے ہمیں کٹھن جدوجہد کی ضرورت ہے ۔