Common frontend top

کورونا کے تابڑتوڑ وار، مزید137اموات، لاہور میں آج سے پبلک ٹرانسپورٹ بحال

بدھ 21 اپریل 2021ء





اسلا م آباد ،لاہور ،قصور ،کراچی،پشاور،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید137افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد16453ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کوروناکے 5445نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد766882ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد83298ہو گئی،4494مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل667131صحتیاب ہو چکے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 3228نئے کیس سامنے آگئے اورمزید104مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ اموات کی کل تعداد7561ہوگئی ۔لاہورمیں 1748، ننکانہ 76، قصور 44، شیخوپورہ 40، راولپنڈی 139، گوجرانوالہ 51 ،سیالکوٹ 70، ملتان 102، فیصل آباد 146، ٹوبہ ٹیک سنگھ 98، سرگودھا 105، بہاولپور 53اوراوکاڑہ میں 100 کیس سامنے آئے ۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ بھی کو روناوائرس میں مبتلاہوگئے ۔ صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے عدنان ارشدکی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ۔ پنجاب حکومت نے لاہور میں آج سے انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دیدی۔ کورونا ایس او پیز کے تحت میٹروبس اور سپیڈو بس سروس آج سے بحال ہوجائینگی ۔پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی جانب سے تمام ٹرانسپورٹ کمپنیوں کوکورونا ایس او پیز،50فیصد مسافروں اور ماسک کیساتھ آج سے لوکل ویگن و بس روٹ چلانے کے بارے میں آگاہ کر دیا۔ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے عزیر شاہ نے کہا کہ ابھی اورنج لائن میٹرو ٹرین کو نہیں چلایا جارہا ہے کیونکہ یتیم خانہ سٹیشن پرتوڑ پھوڑ کی گئی تھی۔ ادھر نشتر ہسپتال ملتان کے چیف سکیورٹی آفیسر کیپٹن( ر) صباحت شیر خان کو بھی کورونا ہوگیا۔ احتساب عدالت ملتان کو نائب قاصد ایوب کو کورونا ہونے پرسیل کردیا گیا جبکہ پورے ہفتے کے مقدمات کو ملتوی کردیا گیا۔رحیم یارخان میں 2مسیحاڈاکٹرنایاب طارق اور ڈاکٹر باسط نوازبھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔روہیلانوالی اورخان گڑھ کے سیاسی رہنما چودھری عامر کرامت کورونا کے باعث انتقال کر گئے ۔ڈی پی او قصورعمران کشور کوبھی کورونا ہوگیا اور خود کو قرنطینہ کرلیا ۔خیبر پختونخوا میں کورونا سے سابق ڈی ایم ایس لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور ڈاکٹر خیر محمد برکی اور سینئر نرسنگ آفیسرایچ ایم سی ہسپتال پشاور نازیہ شہید ہوگئے ۔دریں اثنا پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے غیر ملکی مسافروں اور چارٹرڈ پروازوں کیلئے کوروناکی تیسری لہر پر نئے ایس اوپیز جاری کردیئے ۔ سی کیٹیگری ممالک میں بھارت ، جنوبی افریقہ ، بزایل ، زمبابوے ، کینیا ، تنزانیہ ، رونڈا اور موزمبیق سمیت 23 ممالک شامل ہیں،سفری پابندیوں کی مدت میں 24 اپریل تک توسیع کی گئی ، ان ممالک میں موجود پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرزبھی وطن واپس نہیں آسکیں گے ۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں30لاکھ50ہزارسے زائد ہو گئیں۔بھارت میں مزید 2020سے زائداموات اور 294290سے زائدنئے کیس رپورٹ، صورتحال اور زیادہ سنگین ہوگئی ، کہیں دوسری لہر بتائی جارہی تو دہلی میں چوتھی لہر قرار دی جارہی،اپوزیشن رہنما و کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے جبکہ معروف بھارتی اداکارکشور نندلاسکر چل بسے ۔ مہاراشٹرا کے کئی شہروں میں رات کا کرفیو اور بعض علاقوں میں لاک ڈائون لگا یا گیا ہے ۔ دہلی میں وزیراعلیٰ اروند کجریوال نے ٹی وی پر خطاب میں بتایا کہ ریاست میں وبا کی چوتھی لہر نے ہیلتھ کیئر سروس کو لگ بھگ مفلوج کردیا ہے ۔ادھر اترپردیش ، مدھیہ پردیش ، راجستھان ، ٹاملناڈو ، تلنگانہ ، آندھراپردیش بھی تیزی سے نازک صورتحال کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔ لکھنو سمیت کئی شہروں میں رات کا کرفیو لگا دیا گیا ۔ راجستھان میں 15 روزہ سخت لاک ڈائون نافذ کردیا گیا ۔ گجرات کے بعض شہروں میں کورونا اموات کی یہ حالت ہے کہ نعشیں شمشان گھاٹوں میں آخری رسومات کیلئے قطاروں میں لگا دی گئی ہیں ۔ ایران کے وزیر سراغ رسانی محمودعلوی بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔نئی دہلی سے ہانگ کانگ پہنچنے والی بھارت کی نجی ایئرلائن کی پرواز کے 47 مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت نکلنے پر ہانگ کانگ نے بھارت کیساتھ پاکستان اور فلپائن سے بھی تمام کمرشل پروازوں کی آمد پر 2 ہفتوں کیلئے پابندی عائد کردی۔علاوہ ازیں امریکہ اور عمان نے اپنے شہریوں کو بھارت کا سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ۔کویتی حکومت نے کرفیو میں رمضان کے اختتام تک توسیع کردی،عید کی چھٹیوں پر مکمل کے بجائے جزوی کرفیو رہیگا۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں