لاہور ،ملتان،اسلام آباد ،پشاور،کراچی ، واشنگٹن ( جنرل رپورٹر ،سپیشل رپورٹر،کلچرل رپورٹر، لیڈی رپورٹر ،خصوصی نیوز رپورٹر،خبرنگار، نمائندگان ،92 نیوزرپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ مزید 81افراد چل بسے جبکہ ایک دن میں ریکارڈ6825نئے کیس سامنے آگئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق کورونا کے متاثرہ مزید 81 مریض چل بسے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 2632 ہوگئی۔ ایک دن میں سب سے زیادہ 6825 نئے کیس رپورٹ ہوئے ،اس طرح ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ 39 ہزار 230ہوگئی۔ پنجاب 52601 ، سندھ 51518، خیبر پختونخوا 17450 ، بلوچستان 8028، اسلام آباد 7934 ، گلگت بلتستان 1095جبکہ آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 604 ہوگئی۔کورونا کے 51 ہزار 735 مریض مکمل صحتیاب ہوچکے ۔ چوبیس گھنٹوں میں سب سے زیادہ 29546 ٹیسٹ کیے گئے ، ملک بھر میں ابتک8 لاکھ 68 ہزار سے زائدٹیسٹ کئے جا چکے ۔ ملک بھر میں 820 ہسپتالوں میں کورونا کے 8437 مریض زیر علاج ہیں۔پنجاب میں مزید 31افراد کورونا کے باعث اپنی زندگیاں گنوا بیٹھے جبکہ 2514نئے مریض سامنے آگئے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکے مطابق لاہور1331،ننکانہ5،قصور18،شیخوپورہ26،راولپنڈی234،جہلم 6،اٹک8،گوجرانوالہ55،سیالکوٹ130،نارووال3،گجرات102،حافظ آباد 1، ملتان157،مظفر گڑھ 11، وہاڑی12، فیصل آباد123،چنیوٹ2،ٹوبہ7، رحیمیار خان 53،سرگودھا 43، میانوالی5،خوشاب 2،بہاولنگر8،بہاولپور47، لودھراں 9، ڈی جی خان46،لیہ16، اوکاڑہ10،جھنگ 3،خانیوال 9،بھکر8،ساہیوال20،پاکپتن2اور راجن پورمیں 2کیس سامنے آئے ۔ پنجاب میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 969 ہو چکی ۔ ابتک 338,714ٹیسٹ کیے جا چکے ۔کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد17,560 ہو چکی ۔ محکمہ صحت پنجاب نے لاہور کے ہسپتالوں میں5 وینٹی لیٹرز کا اضافہ کردیا۔ لاہور میں کورونا کے باعث جاں بحق ہونے والوں میں تاج پورہ کا 62 سالہ جاوید،فیصل آباد کا 64 سالہ عبد الحق، گجرات کا 61 سالہ وقار الحسن، پنجاب سوسائٹی کا 32 سالہ عادل، ماڈل ٹاؤن کی79 سالہ گل نرگس،داروغہ والہ کا 24 سالہ علی محمود شامل ہیں۔ میو ہسپتال میں کورونا کے 5 مشتبہ جبکہ 3 کنفرم مریض جاں بحق ہوگئے ۔سیالکوٹ میں 3 مریض 33 سالہ رضوان،51سالہ زاہد ہ اور 72سالہ سردار بی بی چل بسی۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے دو ملازمین طارق عتیق اور سمیع الدین جاں بحق ہوگئے ۔شیخوپورہ میں سٹاف نرس روبینہ کی والدہ 55 سالہ اختر بی بی کورونا کے باعث انتقال کرگئیں جن کی میت انکے آبائی علاقہ کوٹ ادو بھجوادی گئی ۔گورنمنٹ ڈگری کالج کے قرنطینہ سنٹر میں زیر علاج پنجاب کانسٹیبلری کے 25کانسٹیبلان کو گھر جانے کی اجازت دیدی گئی ۔علاوہ بیرون ملک سے آنیوالے 53 پاکستانیوں کو گھروں کو جانے کی اجازت دیدی گئی ۔جی ڈی اے کے رکن سندھ اسمبلی عارف مصطفی جتوئی ،پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی بابرسلیم سواتی، وسیم خان بادوزئی ، ڈاکٹر سمیرا شمس بھی وائرس کا شکارہوگئیں۔ وسیم خان بادوزئی نے نشتر ہسپتال سے کورونا ٹیسٹ کرایا جس کی رپورٹ نیگٹو آئی جبکہ نجی لیبارٹری سے کرائے گئے ٹیسٹ کی رپورٹ پازیٹو آئی۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا ، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاورکے ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل شہزاد،قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپئن ندیم این ڈی،معروف گلو کار رحیم شاہ اور اداکارو کمپیئر عبداللہ فرحت اللہ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ۔ تہمینہ درانی کا ملازم محمد بخش بھی کورونا وائرس کا شکارہو گیا۔ادھر دنیا بھر میں متاثرین ساڑھے 79 لاکھ جبکہ ہلاکتیں 4لاکھ 34 ہزار ہو گئیں ۔ امریکہ میں متاثرین ساڑھے 21لاکھ، برازیل میں ساڑھے 8لاکھ سے بڑھ گئے ۔کورونانے بنگلہ دیش کے مذہبی امور کے وزیر مملکت شیخ محمد عبداللہ کی جان لے لی۔ سعودی عرب میں یمن کے سفارتخانے میں سفارتی سرگرمیاں بند کردی گئیں۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے کہاہے اگر کورونا مریضوں کی تعداد میں اسی طرح اضافہ ہوتا رہا اور قواعد و ضوابط پر عمل نہ کیا گیا تو ملک میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن نافذ کیا جاسکتا ہے ۔ایرانی حکام کو کورونا کی دوسری لہر کا خدشہ ہے ۔کورونا سے نمٹنے کیلئے بھارت میں نئے اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ریل گاڑیوں کی پانچ سو بوگیوں کو طبی ساز و سامان سے لیس ہسپتالوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے جبکہ ٹیسٹنگ تین گنا بڑھانے اور گھر گھر جا کر سروے کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے ۔ ابتک نئی دہلی، ممبئی اور احمد آباد سب سے زیادہ متاثرہ شہر ہیں اور یہ نئے اقدامات انہی شہروں میں کیے جائیں گے ۔دلی میں تھوکنے اور ماسک نہ پہننے پر 500 روپے جرمانہ ہوگا۔