اسلام آباد،راولپنڈی (سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ)ملک بھر میں پاک آرمی کو سول انتظامیہ کی مدد کیلئے تعینات کیا گیا ہے ۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے کرونا وائرس کے حوالے سے اپ ڈیٹ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عوامی تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کرونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے فوج حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کرا رہی ہے ، ملک کے داخلی راستوں کی نگرانی کیلئے چوکیاں قائم ہو چکی ہیں،جوان تعینات کئے گئے ہیں، فوجی دستے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ مل کر مشترکہ گشت کررہے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے دستے آرٹیکل245کے تحت تعینات ہیں، انسداد کرونا کیلئے وفاقی و صوبائی انتظامیہ کیساتھ مل کراقدامات کررہے ہیں،کرونا کے مشتبہ مریضوں کو نشاندہی پر آئسولیٹ کیا جا رہا ہے ، فوجی دستے ملک میں قرنطینہ سہولیات کے انتظام میں مددفراہم کررہے ہیں،ملک بھرمیں 182قرنطینہ سنٹر قائم کئے گئے ہیں،فوجی دستے کشمیرمیں کوٹلی،بھمبر،میرپورمیں تعینات ہیں،برنالہ،مظفرآباد،کیل،باغ،راولاکوٹ میں بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔پاک فوج نے 600افرادکیلئے کنٹینرزپرمشتمل اضافی قرنطینہ مرکز قائم کر دیا، چمن کی سرحد پر 805نفوس کیلئے قرنطینہ خیمہ بستی قائم کی گئی،کلی فیضو،چمن میں کنٹینرزپرمشتمل 300افرادکیلئے قرنطینہ مرکزقائم کیاگیا،گلگت بلتستان کے 10 اضلاع میں قرنطینہ مراکز قائم کئے گئے ۔ فوجی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے خنجراب پاس سے طبی آلات کی منتقلی کی گئی، چین سے درآمد 5 وینٹی لیٹر، ماسک، میڈیکل اور ٹیسٹنگ کٹس کی منتقلی کی گئی،لنڈی کوتل اورجمرودمیں 1500افرادکیلئے قرنطینہ مرکزقائم کیاجارہاہے ۔آئی ایس پی آرکے مطابق خیبر پختونخواکے 26اضلاع میں پاک فوج کے جوان خدمات انجام دے رہے ہیں۔پشاور،مردان،چارسدہ اوربونیرمیں 10رہائشی علاقے آئسولیٹ کئے گئے ہیں،کرونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے 4ہزارمشتبہ کیسزکی نشاندہی کی گئی،پاک فوج سندھ کے 29اضلاع میں خدمات سرانجام دے رہی ہے اور سکھر،کراچی ایکسپوسنٹر میں قرنطینہ مراکز قائم کرنے کیلئے سول انتظامیہ کی مددکررہی ہے ۔آئی ایس پی آرکے مطابق پنجاب کے 34 اضلاع میں مشترکہ چیک پوسٹیں اور پٹرولنگ کی جارہی ہے ، لاہور ایکسپو سنٹر، فیصل آباد اور ملتان میں قرنطینہ مراکز قائم کرنے میں معاونت کی جارہی ہے ۔بلوچستان کے 9 اضلاع میں فوج تعینات کی گئی ہے ، آوران، چاغی، لسبیلہ، قلات، گوادر، سبی، خضدار، نوشکی کے علاقوں میں پاک فوج کے دستے خدمات سرانجام دے رہے ہیں، چاروں انٹرنیشنل بارڈرزٹرمینلزمیں نقل وحرکت کی نگرانی کی جارہی ہے ۔