تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے مقبوضہ کشمیر پر دباؤ ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے بدھ کو تہران میں ایرانی صدر حسن روحانی اور ان کے اراکین کابینہ کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو کشمیر میں مسلمانوں کی حالت زار پرتشویش ہے ،ہم بھارتی حکومت سے کشمیر کے بے قصورلوگوں سے منصفانہ سلوک کی امید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا بھارتی حکومت کشمیر کے مسلمانوں کو ظلم اور بدمعاشی سے بچائے ، بھارت مقبوضہ وادی کیلئے شفاف پالیسی اختیار کرے ۔انہوں نے کہا پاکستان اور بھارت کو اُلجھائے رکھنے کیلئے برطانیہ نے جان بوجھ کر مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کیا۔ ایرانی میڈیا نے بھی مقبوضہ کشمیر کی حالت کو بد ترین قرار دیا اور کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرے اور کرفیو کو ختم کرے ۔علاوہ ازیں ایران کی مجلس شوریٰ اسلامی کے رکن علی مطہری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایران سمیت تمام مسلمان ممالک پر اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق علی مطہری نے مجلس شوریٰ اسلامی کے جاری اجلاس میں کشمیر کی حمایت میں ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے کہا ہم مسلمانان عالم کی تقدیر سے لاتعلق نہیں رہ سکتے ہیں۔ یادداشت میں کہاگیا ہے کہ بھارتی حکومت کی طرف سے جموں وکشمیر کی خودمختاری ختم کرنے کا اقدام ایک اہم مسئلہ ہے جس سے مسلمان ممالک لاتعلق نہ رہیں۔ علی مطہری نے مزید کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایران کی ذمہ داری بہت بڑی ہے ۔