لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے معاشی پیکیج سے مزدور طبقے کو حقیقی ریلیف ملے گا۔ کرونا وائرس سے نمٹنے اور غریب طبقے کو ریلیف دینے کیلئے پیٹ کاٹ کر وسائل دیں گے ، زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں، کرونا وائرس کی وبانے دیہاڑی دار طبقے کو بری طرح متاثر کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ہمیشہ عام آدمی اورغریب طبقے کی فلاح وبہبود کو ترجیح دی ہے ، کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے حالات میں مزدور طبقے کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے اور تحریک انصاف کی حکومت قومی ذمہ داری اپنا فرض سمجھ کر ادا کرے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے صوبے میں آٹے سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو آٹے اور اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے ،موجودہ حالات میں عام آدمی کے مفادات کا پورا تحفظ کریں گے ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا صوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خورو ں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف قانون کے تحت بلاتفریق کارروائی کی جائے ،کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کارروائی کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے سکواش کے سابق پاکستانی کھلاڑی اعظم خان کے برطانیہ میں انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں پنجاب میں وبائی امراض سے تحفظ اور پھیلا روکنے کے آرڈیننس کا صوبہ بھر میں نفاذ ہوگیا ،وزیراعلیٰ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایمرجنسی حالات اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ آرڈیننس جاری کیا گیا ہے ، وزیراعلیٰ نے آرڈیننس کے اہم نکات بھی ٹویٹ کر دیئے ۔