اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے سے متعلق ایف اے ٹی ایف کا اہم ترین اجلاس آج سے پیرس میں شروع ہو گا، ذرائع کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس پلینری کا افتتاحی اجلاس آج پیرس میں ہورہا ہے ،وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر کی قیادت میں پاکستانی وفد پیرس پہنچ گیا ،ایف اے ٹی ایف کا باقاعدہ اجلاس5 روز جاری رہے گا،پاکستانی وفد میں وزارت خزانہ،سٹیٹ بینک ، ایف ایم یو کے حکام بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکلنے یا برقرار رکھنے سے متعلق فیصلہ ہوگا،ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو جون 2018ء میں گرے فہرست میں شامل کیا تھا،پاکستان نے ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پر عملدرآمدمیں ٹھوس پیش رفت کی،پاکستان نے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کے خطرات پر قابو پایا گیا ہے ،پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کیے جانے کا کوئی امکان نہیں،گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے پاکستان کو 15 ووٹ چاہئیں ہیں ،گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے پاکستان نے بھرپور سفارت کاری کی ہے ،پیرس میں 37 ممالک پر مشتمل فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر کی سربراہی میں پاکستانی وفد اہداف پر عملدرآمد سے آگاہ کریگا، ذرائع کا کہنا ہے کہ گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے پاکستان کو 12 ملکوں کی حمایت ملنے کی امید ہے ، چین، ترکی اور ملائیشیا پہلے ہی حمایت کر چکے ہیں۔