اسلام آباد(وقائع نگار،لیڈی رپورٹر) وفاقی وزیر اور سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر اسد عمر کا کہنا ہے 30 جون تک ملک میں کورونا کیس تین لاکھ کے بجائے سوا دو لاکھ ہوں گے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ماہرین کی رائے کا جائزہ لیا ہے ، 14جون کوحقائق قوم کے سامنے رکھے تھے ،30جون تک اندازے کے مطابق3لاکھ تک کیس ہوسکتے تھے تاہم کیس3لاکھ تک پہنچنے کا جو خدشہ تھا وہ سوا دولاکھ تک پہنچ رہے ہیں۔احتیاطی تدابیرپرعمل کیا گیا جس سے وباکے پھیلاؤمیں کمی نظر آئی، اگر احتیاطی تدابیرپرعمل نہ کیا گیا تو حالات خراب ہوسکتے ہیں، ایک ہفتے کے اندر بتائیں گے اقدامات کوبرقراررکھا جائے گا یا مزید بہتری لائی جائے گی۔ سمارٹ لاک ڈاؤن مئی سے شروع ہوگیا تھا ، ہسپتالوں میں بیڈز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ میں یہ نہیں کہہ رہا خطرہ ٹل چکا ہے تاہم پچھلے دو ہفتے میں حالات میں بہتری آئی ہے اور مزید آئے گی ۔ اگرہم سب اپنا کردارادا کریں تووبا کے پھیلا ئوکوکنٹرول کیا جاسکتا ہے ۔صحت کے نظام کو بہتر بنایا جارہا ہے ، صورتحال ایسی نہیں کہ صحت کا نظام مفلوج ہوتا نظر آئے ، کوشش کررہے ہیں کہ کاروبار زندگی بھی چلتا رہے گا ۔