لاہور( این این آئی )لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ نے حکومت کو تجویز پیش کی ہے کہ 300یونٹ تک کے صارفین کے بجلی بل معاف کردئیے جائیں اور وزیراعظم کے کرونا ریلیف فنڈ میں اکٹھی ہونے والی رقم سے متعلقہ اداروں کو فنڈنگ کردی جائے ۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ کورونا وائرس نے بدترین کاروباری و معاشی صورتحال پیدا کی ہے اور معاشی پہیہ روک کر رکھ دیا ہے ، ایسے میں حکومت کو چاہیے کہ تین سو یونٹ تک کے بجلی صارفین کے بل معاف کرکے انہیں ریلیف مہیا کرے تاکہ انہیں معاشی مسائل درپیش نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے استعمال ہونے والی رقم وزیراعظم کے کرونا ریلیف فنڈ سے حاصل کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پہلے ہی پراپرٹی مالکان سے اپیل کرچکا ہے کہ وہ کرایہ داروں کے تین ماہ کے کرائے معاف کرکے کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے میں اپنا کردار ادا کریں۔