اسلا م آباد ،لاہور ،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید 58افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد21323ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 3.02فیصد رہی، کوروناکے 1490نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد 933630ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد47376ہو گئی،3205مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل 864931صحتیاب ہو چکے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 306نئے کیس سامنے آگئے اورمزید24مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ اموات کی کل تعداد10314ہوگئی ۔ لاہورمیں 153، راولپنڈی 23، ملتان 36، فیصل آبادمیں 13کیس سامنے آئے ۔ لاہور میں مزید 4 اموات ہوئیں اور مرنیوالوں کی کل تعداد 4176 ہو گئی۔علاوہ ازیں کورونا کے باعث لمبی چھٹیوں کے بعد تعلیمی ادارے ایک بار پھر کھل گئے ۔ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان سمیت پنجاب بھرکے سکولز و کالجز میں پہلی سے بارہویں جماعت تک تعلیمی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز ہوگیا،طلبہ کی کثیر تعداد خوشی خوشی سکول حاضر ہوئی،ماسک پہن کر، سینیٹائزر ستعمال کرتے ہوئے طالبعلم سکول پہنچے ۔سندھ میں نویں جماعت سے یونیورسٹی تک کلاسز بحال ہو گئیں،تاہم آٹھویں تک سکول بند رہیں گے ، تعلیمی اداروں کے عملے کو دو ہفتے میں ویکسین لگوانے کی ہدایت کر دی گئی۔ایبٹ آباد، لوئر دیر، باجوڑ اور مانسہرہ میں بھی سکول کھل گئے ۔ کوئٹہ میں بھی بچے سکول جانا شروع ہوگئے ۔خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے باقی اضلاع میں تعلیمی سرگرمیوں کا پہلے سے ہی آغاز ہوچکا ہے ۔ آزاد کشمیر میں بھی تعلیمی سرگرمیاں شروع ہو گئیں۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں37لاکھ50ہزارسے زائد ہو گئیں۔ بھارت میں دہلی حکومت کورونا لاک ڈائون کو آہستہ آہستہ کھول رہی ہے \10 مئی کے بعد پیر کو دہلی میں دوبارہ میٹرو ٹرین چلادی گئی۔ ایران کے سابق وزیر داخلہ اور لبنانی ملیشیا حزب اﷲ کے بانیان میں شامل شخصیت علی اکبر محتشمی پور کورونا کے باعث تہران میں انتقال کر گئے ،وہ بیان اخبار کے ایڈیٹر انچیف بھی رہے ۔