گاڑیوں کی کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹوں اور رجسٹریشن سماٹ کارڈ کے بعد گاڑیوں کی ٹرانسفر ڈیڈ کا بھی بحران پیدا ہو گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکومت نے کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹوں اور رجسٹریشن سمارٹ کارڈ کی ذمہ داری محکمہ ایکسائز کے سپرد کی ہے لیکن یوں محسوس ہوتا ہے کہ اس سلسلے میں محکمہ ایکسائز کی سرے سے تیاری ہی نہیں جس بنا پر نہ صرف نمبر پلیٹوں کی تیاری کا بحران پیدا ہو چکا ہے بلکہ رجسٹریشن سمارٹ کارڈ کی کمیابی کے بعد گاڑیوں کی ٹرانسفر ڈیڈ کے مسئلے نے بھی سر اٹھا لیا ہے۔ گاڑیوں کی ٹرانسفر نہ ہونے سے شہری پریشان ہیں جبکہ ٹریفک پولیس بھی کاغذات نہ ہونے پر کارروائی کرتی ہے گو محکمہ ایکسائز نے اس سلسلے میں ٹریفک پولیس کو ایک مراسلہ جاری کر کے آگاہ کر دیا ہے کہ جن لوگوں کے پاس ٹرانسفر کاغذات نہ ہوں انہیں تنگ نہ کیا جائے بلکہ انہیں ریلیف فراہم کریں۔ محکمہ ایکسائز شہریوں سے کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹ اور سمارٹ کارڈ کی تیاری کے لئے باقاعدہ پیسے وصول کرتا ہے لیکن بروقت ترسیل نہ ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس کا فی الفور ازالہ ہونا چاہیے۔ محکمہ ایکسائز نے ان چیزوں کی فراہمی کی ذمہ داری لی ہے تو اسے یہ ذمہ داری پوری بھی کرنا چاہیے۔ اس سلسلے میں جو دشواریاں پیش آ رہی ہیں انہیں دور کیا جائے اور شہریوں کو بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ شہریوں کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔