واشنگٹن (این این آئی،صباح نیوز)امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ صبر کی بھی حدود ہیں، ایران سے پابندیاں نہیں اٹھائینگے ، معاملہ سفارت کاری اور سیاسی بات چیت سے حل کرینگے ۔دوسری طرف اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے الجزیرہ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے میں امریکہ کی واپسی کے سلسلے میں مذاکرات کی کوئی ضرورت نہیں ہے ،تین ماہ کے اندر اگر امریکہ کی پابندیاں ختم نہیں ہوئیں تو ایران اپنے قانونی فرائض کے مطابق قدم آگے اٹھائے گا۔امریکی کانگریس کے 40 ارکان پر مشتمل ایک گروپ نے صدر جوبائیڈن کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایران کے معاملے میں سابق صدر براک اوباما جیسی غلطی کا ارتکاب نہ کریں اور اس کے خلاف عائد کردہ پابندیوں کو نہیں ہٹائیں۔امریکی سینیٹر ٹام کاٹن اور ایوانِ نمایندگان کے رکن مائیک گلاگر نے جمعرات کو ایک قرارداد متعارف کرائی ہے ۔اس پرکانگریس کے 44 ارکان کے دستخط ہیں۔چین کی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ ایران کا جوہری معاملہ نازک مرحلے میں ہے ۔