لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان آرمی نے مجموعی طور پر 380میڈلز جیت کر پشاور میں ہونے والی 33ویں نیشنل گیمز 2019ء میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی، سپورٹس بورڈ پنجاب کا دستہ 49میڈلز جیت کر صوبوں میں پہلے نمبر پر رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق 33ویں نیشنل گیمز پشاور اختتام پزیر ہوگئی ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب کے دستے نے کل 49میڈلز جیت کر 5ویں پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ پنجاب نے تمام صوبوں میں سب سے زیادہ میڈلز جیتنے کا بھی اعزاز حاصل کیا ہے ۔ پنجاب کے دستے نے 1622پوائنٹس حاصل کرکے ایک گولڈ، 14سلور، 34برانز میڈلز جیتے ہیں۔ میڈل ٹیبل میں سب سے زیادہ 380 میڈلز آرمی نے جیتے اور پہلی پوزیشن حاصل کی۔ واپڈا 320میڈلز کیساتھ دوسرے ، ریلویز 104میڈلز کیساتھ تیسرے اور نیوی 67میڈلز کیساتھ چوتھے نمبر پر رہے ،تقریب کے مہمان خصوصی گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان تھے اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر عاطف خان اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن و دیگر بھی موجود تھے ،پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عامر جان نے گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان سے پنجاب کی ٹرافی وصول کی، قیوم سٹیڈیم پشاور میں ہونے والی اختتامی تقریب میں پنجاب کے چیف ڈی مشن ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی تھے ۔صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے 33ویں نیشنل گیمز پشاور میں پنجاب کے کھلاڑیوں کو 49میڈلز جیتنے پر مبارکباد دی ہے ، اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ 33ویں نیشنل گیمز پشاور میں ملک بھر سے کھلاڑی شریک تھے ، نیشنل گیمز میں سخت مقابلے ہوئے ہیں جن میں پنجاب کے کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل تحسین ہے ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے بھی پنجاب کے دستے کو بہترین کارکردگی پر مبارکباد دی۔