Common frontend top

اراکین پارلیمنٹ ای سی ایل میں نام آنے سے خوفزدہ کیوں؟ وزیراعظم افغان صدر کا فون،باہمی امورپرگفتگو

جمعه 18 جنوری 2019ء





اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ ہمارے کچھ ارکان پارلیمنٹ ای سی ایل سے خوفزدہ اور بیرون ملک جانے کیلئے بے چین کیوں ہیں،سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹس میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے کچھ قانون ساز ای سی ایل سے خوفزدہ کیوں ہیں اور بیرون ملک جانے کیلئے بے چین کیوں ہیں، سیاستدانوں کو ملک کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا ہے تاہم ملک سے محبت کے دعویدار بیرونی دوروں کیلئے انتظار نہیں کر سکتے ، کئی ارکان اسمبلی کے پاس تو بیرون ملک رہائش اور اقامہ بھی ہے کیا کوئی ہماری اس عجیب و غریب حقیقت کی وضاحت کرسکتا ہے کہ ہم پاکستان میں خوش ہیں اور اس کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں کیوں کہ ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔ادھر وزیر اعظم آفس کے میڈیا سیکرٹریٹ کے مطابق افغانستان کے صدر اشرف غنی نے جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا ،اس موقع پردونوں ممالک کی قیادت کے درمیان افغان مفاہمتی عمل ،دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے ، باہمی دلچسپی اور حال ہی میں افغانستان میں امن وامان کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیاگیا ،اشرف غنی نے عمران خان کو امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ہونے والی بات چیت پر اعتماد میں لیا، اس کے علاوہ امریکی نمائندہ خصوصی کی پاکستانی حکام سے ہونے والی بات چیت پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان مفاہمتی عمل میں مثبت کردار جاری رکھے گا،پاکستان افغان فریقین کے درمیان مذاکرات کے لیے کوشاں ہے جب کہ مسئلے کا بہترین حل افغان فریقین کے درمیان مصالحت اور مذاکرات ہیں،افغان صدر نے وزیر اعظم کو دورہ افغانستان کی دعوت دی جس کو عمران خان نے قبول کرلیا،قبل ازیں وزیرِ اعظم سے قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے مختلف سیاسی جماعتوں کے ممبران قومی اسمبلی نے ملاقات کی ، وفد نے قبائلی علاقہ جات کے نمائندگان کے لئے قومی اور صوبائی اسمبلی میں نمائندگی بڑھانے کا مطالبہ پیش کیا گیا۔وفد نے کہاکہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی میں قبائلی علاقہ جات کے لئے بالترتیب بارہ اور چوبیس نشستیں کی جائیں۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں