Common frontend top

سینٹ ضمنی انتخاب: پی ٹی آئی نے ( ن) لیگ سے دونوں نشستیں چھین لیں

جمعه 16 نومبر 2018ء





لاہور(خبرنگارخصوصی،خصوصی نمائندہ،سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب میں سینٹ کے ضمنی انتخاب میں دونوں نشستیں تحریک انصاف نے جیت لیں جبکہ مسلم لیگ ن کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سینٹ کی 2 نشستوں کیلئے پنجاب اسمبلی میں پولنگ کچھ تاخیر سے شروع ہوئی جو شام 4 بجے تک جاری رہی۔ اپوزیشن کی جانب سے مجموعی طور پر 173 ووٹ کاسٹ کئے گئے جن میں مسلم لیگ (ن) کے 166 اور پیپلزپارٹی کے 7 ووٹ کاسٹ ہوئے ۔حکومتی جماعت تحریک انصاف کی جانب سے 179 اور اتحادی (ق) لیگ کے 10 ووٹ کاسٹ ہوئے ۔(ن) لیگ کے سہیل شوکت بٹ اور پی ٹی آئی کے اویس دریشک بیرون ملک ہونے کے باعث ووٹ کاسٹ نہ کرسکے ۔ جنرل نشست پر تحریک انصاف کے امیدوار ولید اقبال 184 اور خواتین نشست پر جہانگیر ترین کی بہن سیمی ایزدی 183 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مد مقابل (ن) لیگ کے سعود مجید کو 176 اور سائرہ افضل کو 175 ووٹ ملے ۔اس طرح پاکستان تحریک انصاف کے دونوں امیدوار سینٹ کی نشستوں پر کامیاب قرار پائے ۔جنرل نشست پر 7 اور خواتین نشست پر 9 ووٹ مسترد ہوئے ۔ سعودمجید کے اعتراض پر دوبارہ گنتی کی گئی تاہم سعود مجید شکست سے دوچا ر ہوئے ۔واضح رہے یہ دونوں نشستیں مسلم لیگ (ن) کے ہارون اختر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ہمشیرہ سعدیہ عباسی کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھیں۔ تحریک انصاف کے امیدواروں کی کامیابی پر حکومتی اور اتحادی اراکین نے جشن منایا ۔آئی آئی پی ٹی آئی اور عمران خان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔ منتخب ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ولید اقبال نے کہا کہ جنہوں نے ووٹ دیئے ان کا شکرگزار ہوں۔ سائرہ افضل نے کہا کہ تمام ممبران کی شکر گزار ہوں، ان مشکل حالات میں بھی اپوزیشن میں رہتے ہوئے پارٹی متحد رہی۔ مخالفین نے ووٹ کیلئے پچھلے 2 دن میں فنڈز کے لارے لگائے تاکہ وہ زیادہ ووٹ لے سکیں لیکن اس کے باوجو د ہمیں زیادہ ووٹ پڑے ۔سعود مجید نے کہا باضمیر ارکان نے تحریک انصاف پرعدم اعتماد کیا۔ قائدین اور اراکین کا شکر گزار ہوں۔انہوں نے دعوی کیا کہ میرے 3 ووٹ کینسل ہوئے ۔ ہمیں 6 زائد ووٹ پڑے ۔ پنجاب کا برا حشر دیکھتے ہوئے ہمیں زیادہ ووٹ ملے ۔ آج ہم 179 کا فگر یہاں سے لے جارہے ہیں۔ آئندہ انتخاب میں 179 کی جگہ 189 ہوگا۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں