مہمند ( 92 نیوزرپورٹ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صوبے وعدے کے باوجود قبائلی علاقوں کو فنڈز دینے کو تیار نہیں ، صوبوں نے الیکشن سے پہلے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنا این ایف سی کا 3 فیصد قبائلی علاقوں کو دینگے ، لیکن جب ہماری حکومت آئی تو خیبر پی کے کے سوا باقی 3 صوبے اپنا 3 فیصد دینے کو تیار نہیں، اندرون سندھ سے ووٹ لے کر اقتدار میں آنیوالی پارٹی کراچی پر توجہ نہیں دیتی ، ن لیگ وسطی پنجاب سے ووٹ لیتی تھی ،اس لیے جنوبی پنجاب پر توجہ نہیں دی ، دشمن عناصر ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، وزیر اعظم نے مہمند ضلع میں ناحقئی سرنگ اور شیخ زاید روڈ کا افتتاح کردیا، اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا جو بھی حکومت ہو اسکا کوئی نظریہ ہوتا ہے ، وہ نظریہ اس حکومت کا روڈ میپ ہوتا ہے ،وہ نظریہ بتاتا ہے حکومت کس طرف جار ہی ہے ،ریاست مدینہ جن اصولوں پر کھڑی تھی وہ ہمارا نظریہ ہے ،مدینہ کی ریاست دنیا کی پہلی فلاحی ریاست تھی،علامہ اقبال اور قائداعظم کی سوچ بھی اسلامی فلاحی ریاست تھی،بلوچستان اور قبائلی علاقے پر میرا واضح مؤقف ہے ،اندرون سندھ،میانوالی ،قبائلی علاقے بہت پیچھے رہ گئے ہیں،قبائلی علاقے کے ووٹ سے کوئی اقتدار میں نہیں آتا تھا جو پارٹی اندرون سندھ سے آتی ہے ، وہ کراچی کیلئے کچھ نہیں کرتی، ن لیگ وسطی پنجاب سے ووٹ لیتی تھی اس لیے جنوبی پنجاب پر توجہ نہیں دی ، دشمن عناصر ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، جو علاقے پیچھے رہ گئے ، ان پر سب سے زیادہ توجہ دینی ہے ، خیبرپختونخوا نے اپنا حصہ دے دیا،باقی صوبے کہتے ہیں بہت برے حالات ہیں،پوری کوشش ہے کم از کم قبائلی علاقوں اور بلوچستان کو پورے فنڈز ملنے چاہئیں ، وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا ایکسپورٹ نہ کرسکے تو پاکستان قرضوں کی دلدل سے نہیں نکل سکتا،افغانستان میں امن ہوجائے تو قبائلی علاقے میں بہت بڑی تبدیلی شروع ہوجائے گی۔،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو کہتا ہوں قبائلی علاقوں کی ہر طرح سے مدد کی جائے ۔آن لائن کے مطابق وزیر اعظم نے کہا قبائلی علاقوں میں تجارت اور خوشحالی افغانستان میں امن سے جڑی ہے ، بیرون ملک موجود دشمن قبائلی علاقے اور خیبر پی کے کا انضمام نہیں چاہتے اور اس مقصد کیلئے وہ فنڈنگ بھی کرتے ہیں، اس لئے قبائلی علاقوں کی ترقی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ، کچھ ممالک نہیں چاہتے کے افغانستان میں امن ہو، کراچی کیلئے کچھ نہیں کیا گیا، انضمام کے نتیجے میں اور سرحد پر باڑ لگنے سے افغانستان سے تجارت اور سمگلنگ ختم ہوگئی ہے ، اب ہم بارڈر مارکیٹس کھولنے کی تیاری کررہے ہیں ۔ بعد ازاں باجوڑ میں عمائدین سے خطاب کر تے ہوئے وزیر اعظم نے کہا قبائلی علاقے سب سے پیچھے رہ گئے تھے ، ہماری حکومت کی کو شش ہو گی ان علاقوں پر توجہ دی جائے ، قبائلی علاقے کے عوام کو جلد ہیلتھ کارڈ جاری کرینگے ۔