Common frontend top

مشیر خزانہ کا رابطہ، آئی ایم ایف وفدکا رواں ماہ پاکستان آنے پر اتفاق

اتوار 21 اپریل 2019ء





اسلام آباد(وقائع نگار ، 92 نیوزرپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک ) مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض کے حصول کیلئے مذاکرات کو آگے بڑھانا ہو گا۔مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے وزارت خزانہ کے دفتر پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ مشیر خزانہ نے سیکرٹری خزانہ یونس ڈھاگہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری خزانہ نے نئے بجٹ اور آئی ایم ایف سے مذاکرات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کے حل کیلئے روڈ میپ پر بھی گفتگو کی گئی۔انہوں نے سیکرٹری خزانہ کو آئی ایم ایف سے مذاکرات کیلئے ہوم ورک مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ بعد ازاں انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور آئی ایم ایف حکام سے بات چیت پر اعتماد میں لیا۔ وزیر اعظم نے ذمہ داریاں سنبھالنے پر مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو مبارکباد دی ۔مشیر خزانہ نے وزیراعظم کو آئی ایم ایف پیکیج سے متعلق اپنی رائے سے آگاہ کیا اور معیشت کی بحالی کیلئے اپناروڈ میپ بھی پیش کیا۔مشیر خزانہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات کاعمل آگے بڑھانا چاہتا ہے اور اس کام کو تیز کیا جائے گا۔ وزارتِ خزانہ کے حکام کیساتھ آئندہ مالی سال کے بجٹ، ملکی آمدن اور اخراجات پر کام کرنے سے متعلق بات چیت ہوئی ہے ۔ نئے بجٹ کی تیاری کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ یہ بجٹ 24 مئی کو پیش کیا جاسکتا ہے ۔ حکام کو وسط مدتی حکمتِ عملی کا مسودہ تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے جسے رواں ماہ کے اختتام پر کابینہ کو ارسال کیا جائے گا۔مشیرِ خزانہ کا کہنا تھا وہ تمام چیزوں کو اسی طرح لیکر چلنے کی کوشش کریں گے جیسی پہلے چل رہی تھیں۔ دریں اثناء وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے آئی ایم ایف کے مشن چیف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔پاکستان کیلئے آئی ایم ایف پروگرام پر مذاکرات پر پیشرفت پر بات چیت کی گئی۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مشیر خزانہ نے آئی ایم ایف کیساتھ بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ آئی ایم ایف کا وفد اس ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔ قبل ازیں عبدالحفیظ شیخ نے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جہاد آزور سے بھی بات چیت کی تھی۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں