Common frontend top

”کشمیر پر موقف نہیں بدلے گا ‘‘،بھارتی تجارتی بائیکاٹ کے باوجود مہاتیرڈٹ گئے

بدھ 23 اکتوبر 2019ء





کوالالمپور ( 92 نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں )ملائیشیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر مہاتیر محمدنے کشمیر کے حوالے سے اپنے موقف پر ثابت قدم رہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہمارے ضمیرکی آوازہے ،ہم اپنے موقف سے پیچھے ہٹیں گے اور نہ تبدیل کریں گے ۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ڈاکٹر مہاتیر محمد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارتی تاجروں کی جانب سے ملائیشین پام آئل کے غیرمعمولی بائیکاٹ کے باوجود وہ مقبوضہ کشمیر میں نئی دہلی کے اقدامات پر اپنی تنقید سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق مہاتیر محمد کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں یہ کہنے کہ بھارت نے کشمیر پر 'حملہ اور قبضہ' کیا ہوا ہے کے بعد بھارت کی سب سے بڑی ویجیٹیبل آئل ٹریڈ باڈی کی جانب سے اپنے اراکین کو کہا گیا تھا کہ وہ ملائیشن پام آئل کی خریداری روک دیں۔مہاتیر محمد نے پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاہم اپنے ذہن کی بات کرتے ہیں اور ہم پیچھے ہٹتے یا تبدیل نہیں ہوتے ۔ہم جو کہہ رہے ہیں وہ یہ ہے کہ ہم سب کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی پاسداری کرنی چاہیے ورنہ اقوام متحدہ کا کیا فائدہ ہے ؟ان کا کہنا تھا ان کا ملک ممبئی سے تعلق رکھنے والے سالوینٹ ایکسٹریکٹرز ایسوسی ایشن آف انڈیا کی جانب سے بائیکاٹ کے اثرات کا جائزہ لے گی،مسئلے کو حل کرنے کے طریقے کو دیکھ رہے ہیں۔ یہ بھارتی حکومت نہیں ہے ، لہٰذا ہمیں معلوم ہے کہ ان لوگوں سے کیسے بات کرسکتے ہیں، چونکہ تجارت دو طرفہ چیز ہے اور اس کا تجارتی جنگ کی حد تک ہونا خراب ہے ۔ کئی دفعہ ہمارے تعلقات میں تناؤ پیدا ہوجاتا ہے لیکن ہم تمام ممالک سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔ ملائیشیا ایک تجارتی ملک ہے اورہمیں منڈیوں کی ضرورت ہے لیکن ہمیں دوسروں کیلئے بھی بات کرنا ہوگی اسلئے ہم جو کہتے ہیں کچھ لوگ اسے پسند کرتے ہیں اور کچھ ناپسند کرتے ہیں۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں