لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل 2 ٹیسٹ اور 3 میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کے وینیوز کا بھی اعلان کردیا ہے ، دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچزماؤنٹ مانگنوئی اور کرائسٹ چرچ میں کھیلے جائیں گے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ نیوزی لینڈ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ماؤنٹ مانگنوئی میں کھیلا جانے والا باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ 26 سے 30 دسمبر تک جاری رہے گا، جس کے بعد دونوں ٹیمیں کرائسٹ چرچ میں مدمقابل آئیں گی جہاں سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 3جنوری سے شروع ہوگا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں سے قبل 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 18 دسمبر کو آکلینڈ، دوسرا 20 دسمبر کو ہملٹن اور تیسرا 22 دسمبر کو نیپئر میں کھیلا جائے گا۔ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دورہ نیوزی لینڈ میں ہمیشہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ، امید ہے کرکٹ ٹیم اس مرتبہ بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹوڈیوڈ ڈائٹ کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرکے ہمیشہ خوشی ہوئی ہے اور انہیں یقین ہے کہ اس مرتبہ بھی مداحوں کو ان دونوں ممالک کے درمیان ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز کا انتظار ہوگا۔ پاکستان کا اسکواڈ 23 نومبر کو لاہور سے نیوزی لینڈ روانہ ہوگا، قومی اسکواڈ اپنے 14 روزہ قرنطینہ کی مدت لنکولن میں مکمل کرے گا۔ 14 روزہ قرنطینہ کے بعد یہ ببل ختم ہوجائے گا۔ نیوزی لینڈ کے لیے اڑان بھرنے سے قبل قومی کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے کوویڈ 19 ٹیسٹ لاہور میں لیے جائیں گے ۔