ایک دور وہ بھی تھا کہ جب ٹچ سکرین ٹیکنالوجی سائنس فکشن فلموں کی زینت ہوا کرتی تھی۔ زیادہ نہیں صرف ایک دہائی قبل تک دنیا بھر کے عوام کی پیڈ والے موبائل فون استعمال کیا کرتے تھے جنہیں ٹیکنالوجی کا شاہکار سمجھا جاتا تھا۔ لیکن وقت بدلنے میں دیر نہیں لگتا، زمانے نے کروٹ لی اور انسان ٹچ سکرین ٹیکنالوجی سے متعارف ہوا۔ اگرچہ ٹچ سکرین ٹیکنالوجی دو دہائیوں سے بھی قبل متعارف کروائی جا چکی ہے، لیکن اُس وقت کی ٹچ سکرین اور آج کی سکرین میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ روایتی ٹچ سکرین کو انگلی کے ناخن سے کنٹرول کیا جاتا تھا، پھر انگلیوں کے پوروں کی جنبش سے استعمال کی جانے والی ٹچ سکرین ایجاد ہوئی جس نے دھوم مچا دی، لیکن ترقی یہاں تک نہیں رُکی۔ اب ایپل کمپنی نے اپنے سمارٹ فونز میں ایسی جدید ترین ٹچ سکرین متعارف کروائی ہے، جو مختلف پریشر سنسرز سے لیس ہے۔ یعنی نئی اور جدید ٹچ سکرین انگلیوں کے کم اور زیادہ دباؤ پر مختلف طرح کے ردّعمل دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ایپل کمپنی کی متعارف کردہ اِس سکرین کو 3D ٹچ سکرین کا نام دیا گیا ہے۔ 3D ٹچ ایپل نے اپنے 2015 میں لانچ ہونے والے آئی فون 6S اور آئی فون 6 ایس پلس میں متعارف کرائی تھی۔ اور آج یہ جدید سکرین آئی فون کی اُن تمام مصنوعات میں متعارف کروائی جا رہی ہے جو ٹچ سکرین کی حامل ہوں۔ 3D ٹچ صارف کے رابطے میں تین ڈگری تک دباؤ محسوس کرنے کے لیے سمارٹ فون کے ڈسپلے میں مربوط کیپسیٹو سینسر (Capactive sensor)کا استعمال کرتا ہے اور دباؤ کی مقدار کی بنیاد پر مختلف ردعمل کا اظہار کرتا ہے۔ایپل نے اپنے ’فورس ٹچ‘ اور ’ملٹی ٹچ‘ صلاحیتوں کے ارتقاء کے طور پر تھری ڈی ٹچ تیار کیا جو پُرانے آئی فونز اور ایپل کی دیگر مصنوعات میں متعارف کروائے گئے تھے۔ 3D ٹچ صارفین کو تیزی اور موثر طریقے سے عام کام انجام دینے کے قابل بناتا ہے ۔اِس جدید ٹچ سکرین کے کام کرنا کا طریقہ کچھ یوں کہ جب آپ سکرین پر ہلکا دباؤ ڈالتے ہیں تو ردّعمل بھی عام سا ملتا ہے، لیکن جب آپ دباؤ بڑھاتے ہیں تو نئے آپشن کھل جاتے ہیں جو صارف کو ٹیکنالوجی میں جدت کا احساس دلاتے ہیں۔